بھارتی ایئر چیف کا27فروری کو اپنا ہی ہیلی کاپٹر تباہ کرنے کااعتراف

اسلام آباد(ویب ڈیسک)بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ راکیش کمارنے ستائس فروری کومیزائل سے اپنا ہی ہیلی کاپٹر مارگرانے کاعتراف کرلیا ہے۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا کے مطابق نئے ائیرچیف راکیش کمار نے 27 فروری کو پیش آنے والے واقعے سے متعلق اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو اپنے ہی میزائل سے نشانہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی۔

انھوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی کورٹ آف انکوائری مکمل ہوچکی ہے، یہ ہماری ایک بڑی غلطی تھی،بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے اپنے دو افسران کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی اس غلطی کا اعتراف کرتے ہیں اور مستقبل میں اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس طرح کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔

27 فروری کو ہی بھارت نے سری نگر میں اپنے ہیلی کاپٹر کے گرنے کو حادثہ قرار دیا تھا جب کہ ہیلی کاپٹر گرنے سے اس میں سوار ائیرفورس کے 6 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل بھارت اسکی تردید کرتا رہا ہے تاہم اب بھارتی میڈیا کی جانب سے اس سے پہلے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے کی تحقیقات میں پانچ افسران کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 27 فروری کی صبح پاک فضائیہ کے طیاروں نے لائن ٓاف کنٹرول پر مقبوضہ کشمیر میں 6 ٹارگٹ کو انگیج کیا، فضائیہ نے اپنی حدود میں رہ کر ہدف مقرر کیے، پائلٹس نے ٹارگٹ کو لاک کیا لیکن ٹارگٹ پر نہیں بلکہ محفوظ فاصلے اور کھلی جگہ پر اسٹرائیک کی تھی۔

پاک فضائیہ نے جب ہدف لے لیے تو اس کے بعد بھارتی فضائیہ کے 2 جہاز ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کی طرف آئے لیکن اس بار پاک فضائیہ تیار تھی جس نے دونوں بھارتی طیاروں کو مار گرایا، ایک جہاز آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا تھا۔

پاکستان کی حدود میں مار گرائے جانے والے بھارتی طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاکستان نے حراست میں لیا لیکن بعد ازاں یکم مارچ 2019 کو اسے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

Comments are closed.