وزیر اعظم عمران کے طیارہ میں خرابی، روانگی کے بعد نیویارک دوبارہ لینڈنگ
نیو یارک (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کی دوبارہ نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم آج رات نیویارک میں ہی قیام کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوئے تو ان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کو ٹورنٹو سے واپس موڑنا پڑا۔
وزیر اعظم کے طیارے نے دوبارہ نیویارک میں لینڈ کیا جس کے بعد وزیر اعظم وفد سمیت امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ روز ویلٹ ہوٹل دوبارہ پہنچ گئے، وزیر اعظم کی آمد کے بعد روز ویلٹ ہوٹل کی سیکیورٹی دوبارہ بڑھا دی گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ طیارے کے نیوی گیشن سسٹم میں خرابی پر طیارے کو ٹورنٹو سے دوبارہ نیویارک کی طرف موڑا گیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم کا طیارہ اس وقت جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر موجود ہے اور امریکی ایوی ایشن حکام طیارے کا نیوی گیشن سسٹم ٹھیک کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے طیارے کا دوران پرواز الیکٹرک سسٹم فیل ہوگیا تھا، الیکٹرک سسٹم فیل ہونے سے لینڈنگ میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدا میں طیارے کو جلد ہی اڑانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تاہم سسٹم کی درستگی کا کام وقت لینے لگا تو وزیر اعظم امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ واپس ہوٹل کی جانب روانہ ہوگئے۔
Comments are closed.