محبوبہ مفتی کا ٹوئٹر چل پڑا، بیٹی التجا آپریٹ کرنے لگیں

سری نگر( ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ نے 46روز بعد کام شروع کردیا ہے اور جمعہ کواس اکاﺅنٹ سے ٹوئٹر پیغامات جاری ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ محبوبہ مفتی 5اگست سے زیرحراست ہیں اور انھیں اس ٹوئٹر اکاﺅنٹس تک رسائی نہیں ہے،یہ اکاﺅنٹ اس وقت انکی صاحبزادی التجا، اجازت ملنے پر آپریٹ کررہی ہیں۔

گزشتہ روز انکی صاحبزادی التجانے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ضروری اجازت نامہ ملنے کے بعد انھوں نے والدہ کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ آپریٹ کرنا شروع کردیا ہے۔

یہ معاملہ بھارتی سپریم کورٹ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں سپریم کورٹ نے التجا کو اس ماہ کے اوائل میں انکی والدہ سے سری نگر میں ملاقات کی اجازت دی تھی۔

ایک اور ٹوئٹ میں التجا نے ایک خط منسلک کیا ہے، جو انھوں نے مرکزی اور مقبوضہ کشمیر کے سیکریٹری داخلہ کو تحریر کیا ہے اور جس میں انھوں نے اپنی والدہ کے حوالے سے بعض معلومات طلب کی ہیں، تاہم وہ اسکے جواب کی منتظر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انھیں گزشتہ ہفتے چند بار والدہ سے ملنے دیا گیا۔ملاقات کے دوران انکی والدہ نے کشمیر میں بڑے پیمانے پر گرفتاریوں جس میں کم عمر بچے بھی شامل ہیں، اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

Comments are closed.