بھارت میں امام مسجد اور ان کی معذور اہلیہ کو قتل کر دیا گیا
ہریانہ (ویب ڈیسک )بھارتی ریاست ہریانہ میں نامعلوم افراد نے مسجد کے امام اور ان کی معذور اہلیہ کو قتل کر دیا۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ہریانہ کے ضلع سونی پت کے علاقے ملک مجری میں مسجد کے امام عرفان اور ان کی اہلیہ یاسمین عرف مینا کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جب نمازی صبح نماز کے لیے مسجد میں گئے تو ملحقہ گھر میں دونوں کی لاشیں پڑی ہوئی ملی ہیں۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دونوں کو تیز دھار آلے کی مدد سے قتل کیا گیا، امام مسجد نے ایک سال قبل ہی شادی کی تھی اور ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز دو گروپوں کے درمیان زمین کے تنازع پر جھگڑا ہوا تھا اور امام مسجد نے انہیں تنازع ختم کرنے کا کہا تھا، جس پر ایک گروپ نے انہیں دھمکی دی تھی، ممکن ہے کہ اسی گروپ کے افراد نے امام مسجد اور ان کی اہلیہ کو قتل کیا ہو۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے واقعے کے شواہد بھی اکٹھے کر لیے ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی آ چکی ہے، واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.