اسلام آباد کے ہاتھوں کراچی کو پہلی شکست
اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے 154 رنز ہدف کے تعاقب میں لیوک رونکی اور جے پی ڈوپنی نے اسلام آباد کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
رونکی 37 گیندوں پر 71 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ یہ پی ایس ایل تھری کی تیز ترین نصف سنچری تھی۔
دونوں اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 104 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا اور میچ بھی تقریباً جیت لیا۔جے پی ڈومنی نے 43 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آصف علی بھی 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور 18ویں اوور میں عماد وسیم کی گیند پر چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل کراچی کنگز کی اننگز کے دوران بابر اعظم اور خرم منظور کی شراکت کے باعث شہر قائد کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنے مقررہ 20 اوورز میں 153 رنز بنائے۔
اوپننگ بلے باز جو ڈینلی محمد سمیع کی سیدھی گیند سمجھنے سے قاصر رہے اور چار رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔تاہم اس کے بعد خرم منظور اور بابر اعظم کے درمیان 101 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔
دونوں بلے بازوں نے آغاز میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم بعد میں وکٹ کے چاروں طرف شاٹس لگاکر اسلام آباد کے بولرز کو پریشان کیا۔
51 کے انفرادی اسکور پر خرم منظور حسین طلعت کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کولن انگرام کریز پر آئے تاہم بڑا شاٹ لگانے کے کوشش میں فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر لیوک رونکی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئی۔
روی بوپارا اختتامی اوورز میں کریز پر پہنچے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی تاہم 18ویں اوور میں دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان نے اختتامی اوورز میں 9 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کراچی کنگز کے اسکور کو 150 رنز کے پار لگادیا تاہم یہ اسکور کافی نہیں تھا اور اسلام آباد نے کراچی کا 154 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں پورا کرلیا۔
شاندار اننگز کھیلنے پر لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کراچی کنگز کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی۔
شکست کے بعد کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
پیر کو پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا جبکہ منگل کو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.