ایشز سیریز،سٹوکس کی سنچری کی بدولت دوسرے ٹیسٹ میں انگینڈ کی معجزانہ جیت
لندن(ویب ڈیسک) انگلینڈ نے ایشز سیریز میں تاریخ رقم کردی۔ پہلی اننگز میں 67رنز پر آوٹ ہو کر پہاڑ جتنا تین سو انسٹھ رنز کا ہدف عبور کر کے میچ جیت لیا۔ بین اسٹوکس نے سنچری کی بدولت سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔
بین سٹوکس سینہ پھیلائے کریز پہ کھڑے دھاڑ رہے ہیں، دوسرے اینڈ سے جیک لیچ آ کر ان سے بغلگیر ہوتے ہیں، ذرا سی دیر میں پورا انگلش ڈریسنگ روم کریز پر امڈ آتا ہے اور جو روٹ بے یقینی اور بے اختیاری کی ملی جلی سی کیفیت میں سٹوکس کے گلے لگ جاتے ہیں۔
یہ بے یقینی اس بات کی ہے کہ پہلی اننگز میں 67 رنز پہ آل آؤٹ ہو جانے والی ٹیم چوتھی اننگز میں 361 رنز کا پہاڑ کیسے طے کر گئی۔ اور بے بقینی اس لیے بھی کہ یہ انگلینڈ کا چوتھی اننگز میں فتح کے لئے آج تک کا ریکارڈ ٹوٹل ہے۔
اگر بین سٹوکس یہ معجزہ برپا نہ کر پاتے اور جیک لیچ ایسی مزاحمت کا مظاہرہ نہ کرتے تو بھلا ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں دسویں وکٹ کی شراکت میں 62 گیندوں پہ 76 رنز تک کیسے پہنچ پاتی۔
اور دلچسپ امر یہ ہے کہ اس بھاری بھرکم پارٹنرشپ میں لیچ کی شراکت صرف ایک رن تک محدود رہی اور یوںانگلینڈ نے تاریخی فتح حاصل کرتے ہوئے ایشز سیریز میں پہلی بار تین سو انسٹھ رنز کا ہدف عبور کیا۔
سٹوکس کی سنچری نے کینگروز کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔ ایک سو پینتیس رنز کی اننگز میں آٹھ چھکے لگائے۔
انگلینڈ نے آخری وکٹ کی شراکت میں چھہتر رنز بنا کر پانچ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ کپتان جوروٹ نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔
جوش ہیزلووڈ کے دوسری اننگز میں چار میچ میں 9 شکار بھی کینگروز کو ناکامی سے نہ بچا سکے۔ پانچ میچز کی سیریز کا چوتھا ٹیسٹ چار ستمبر سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.