شوہر کی وفاداری سے تنگ بیوی طلاق لینے عدالت پہنچ گئی
شارجہ(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں شوہر کی وفاداری سے تنگ بیوی طلاق لینے عدالت پہنچ گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی خاتون کو شوہر کی جانب سے ضرورت سے زیادہ خیال رکھے جانے پر اعتراض ہے۔
خاتون نے کہا چاہتی ہوں شوہر کم سے کم ایک دن کے لیے تو لڑائی جھگڑا کرے، شوہر کی جانب سے کبھی جھگڑا نہ کرنے پر خاتون نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
خاتون نے موقف اختیار کیا کہ شوہر ان کی جانب سے کچھ کہے بغیر ہی گھر کی صفائی کرنا شروع کردیتے ہیں اور وہ ان کے لیے کھانا بھی پکاتے ہیں۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر انتہائی اطاعت گزار ہے، انہیں کچھ کہنے کا موقع ہی نہیں دیتے اور ان سے کوئی بحث کیے بغیر ہر کام خود کرلیتے ہیں۔
خاتون نے کہا کہ شوہر کی محبت اور ہر کام خود کرنے کی وجہ سے ان کی زندگی عذاب بن گئی ہے اور وہ مزید ان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عدالت میں شوہر نے موقف اختیار کیا کہ ان کی کوشش رہی ہے کہ وہ ہر طرح سے اپنی بیوی کا خیال رکھیں اور ان کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے لیکن یہ پھر بھی مطمن نہیں ہے۔
عدالت میں شوہر کا کہنا تھا کہ انہیں کئی دوستوں اور رشتے داروں نے بیوی کے ساتھ سخت رویہ اختیار کرنے کا کہا تاہم وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے۔
شوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ شادی کے چند ماہ بعد ایک دن اہلیہ نے انہیں اضافی وزن کا طعنہ دیا تھا جس کے بعد انہوں نے ورزش شروع کی جس کی وجہ سے ٹانگ میں فریکچر ہوگیا تھا۔
خاتون کے شوہر نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ اہلیہ کو اپنی درخواست واپس لینے کا مشورہ دیں گے، عدالت نے خاتون کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں کو باہمی رضامندی کے ساتھ کوئی فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed.