ڈیرین سیمی نے زلمی کی ڈوبتی کشتی پار لگا دی
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ تھری کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ تھری کے دسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر 2 گیندوں قبل پورا کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 23 رنزکا آغاز فراہم کیا لیکن کامران اکمل صرف 10 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے، ان کی وکٹ شین واٹسن کے حصے میں آئی۔ جس کے بعد ڈیوان اسمتھ بیٹنگ کے لیے آئے اور تمیم اقبال کے ساتھ اسکور بورڈ میں 30 رنز کا اضافہ کیا مگر وہ بھی 23 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بن گئے۔
تمیم اقبال نے محمد حفیظ کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھاتے ہوئے 54 رنز کی شراکت قائم کی لیکن حفیظ 29 رنز پر تمیم اقبال کا ساتھ چھوڑ گئے وہ ہاسٹنگ کا شکار بنے جب کہ تمیم بھی 36 رنز پر ہمت ہارگئے جس کے بعد شبیر رحمان اور خالد عثمان بیٹنگ کے لیے آئے البتہ کپتان ڈیرن سیمی انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہ آئے جو دوران فیلڈنگ زخمی ہوگئے تھے۔
19ویں اوور میں شبیر احمد کے 11 رنز پر آؤٹ ہوجانے کے بعد ٹیم کو 8 گیندوں پر 17 رنز درکار تھے، اس دوران کپتان سیمی خود لنگڑاتے ہوئے گراؤنڈ میں داخل ہوئے اور خالد نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر سنگل لیا تو سیمی نے آخری گیند پر زوردار چھکا لگاکر پشاور کو میچ میں واپسی لے آئے۔ آخری اوور کی پہلی گیند پر سنگل رن کے بعد سیمی نے دوسری گیند پر ایک اور چھکا لگاکر میچ مزید دلچسپ بنادیا اور پھر چوتھی گیند پر چوکا لگاکر پشاور زلمی کو ناممکن شکست سے بچاکر فتحیاب کروایا۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسد تیسرے ہی اوور میں 10 رنز کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
عمر امین شین واٹسن کا ساتھ دینے آئے لیکن وہ بھی 11 رنز ہی بناسکے جس کے بعد گزشتہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹیم کو کامیابی دلانے والے کیون پیٹرسن بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم واٹسن نے دوسرے اینڈ سے جارحانہ کھیل جاری رکھتے ہوئے گراؤنڈ کےچاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے۔
ریلی روسووو اور واٹسن نے 42 رنز کی شراکت قائم کی، واٹسن 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 5 چھکے بھی شامل تھےاور روسووو نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد اچھی فارم میں دکھائی دے رہے تھے مگر وہاب ریاض نے انہیں 17 رنز پر بولڈ کردیا۔
آل راؤنڈر انور علی اور محمد نواز بھی صرف 3،3 رنز ہی بناسکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے سمین گل نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ وہاب ریاض، عمید آصف اور ڈیرن سیمی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
Comments are closed.