سعودی عرب کے شہرریاض میں تعلیمی تقریب
ابرار تنولی
کھیل نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی نشوونما میں بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن )الر یاض اپنے طلبہ کو گاہے گاہے یہ موقع فراہم کرتا رہتا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی گزشتہ دنوں سالانہ انٹر ہاؤسز مقابلہ جات تھے ۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان و رابطہ افسر پاکستانی اسکولز سردار محمد خٹک تھے
سپورٹس ڈے کی میزبانی کے فرائض محمد نعیم اختر اور غلام مجتبی نے بخوبی سر انجام دیئے اور ولولہ انگیز اشعار کے ذریعے طلبا اور حاضرین میں جوش و جذبہ پیدا کرتے رہے۔
سپورٹس ڈے کی نگرانی فزیکل ایجوکیشن کے انسٹرکٹر ز محمد آصف اور محمد کاشف نے احسن انداز سے کی۔
سپورٹس ڈے میں پانچویں تا بارہویں جماعت کے طلباء نے 6 ہاؤسز ملک عبدالعزیز ، جناح، اقبال ، سرسید ، جوہر، اور ٹیپوکی شکل میں حصہ لیا۔طلباء نے ان مقابلوں میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں کا سلسلہ پورا ہفتہ جاری رہا، تمام طلباء نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو میڈلز سے نوازا گیا ۔
کوآڈنیٹر بوائز ونگ ملک فیصل عزیز نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی اس تقریب میں موجودگی علم دوستی و محبت کا ثبوت ہے
سپورٹس ڈے کی خاص بات جس پر حاضرین عش عش کراُٹھے وہ پی ٹی شو تھا۔سب سے پہلے طلبہ نے مہمانوں کو سلامی پیش کی ، اس کے بعد مختلف اندازمیں ورزش اور اشکال کی تشکیل تھی اور اس کاوش کے پیچھے فیزکل انسٹرکٹر محمد کاشف اور مدرس الیاس کی محنت اور ٹیم ورک کا ثمر بار تھا۔ حاضرین نے طلبا اور اساتذہ کی محنت پر دل کھول کر داد دی۔
سپورٹس ڈے میں ہمیشہ کی طرح تائیکوانڈو شو مظاہرہ شاندار رہا جس میں فزیکل انسٹرکٹر محمد آصف و محمد کاشف نے سربراہی کی اورطلبہ نے جارحانہ اور دفاعی صلاحیت کو بروئے کا ر لاتے ہوئے اِس دِن کو چارچاند لگا دئیے۔اس شو میں جماعت سوم کے ننھے طالبِ علم محمد مجتبیٰ نے طلبا کی قیادت کی ۔ شو میں طلبا اور کمانڈر نے کنکریٹ کی اینٹوں کو توڑ کر حاضرین کو انگشت بدنداں کردیا۔تمام حاضرین نے تائیکوانڈو کو بہت سراہا۔
پاکستان کی رنگا رنگ ثقافت کو جونیئر ونگ کے طلباء و طالبات نے اس شاندار انداز سے عکاسی کی کہ دیارِ غیرمیں دیس کی یاد تازہ ہوگئی۔ تمام حاضرین نے ننھے بچوں اور بچیوں کو دل کھول کر داد دی۔
کھیلوں کے میدان میں سب سے زیادہ سکور حاصل کرنے پر جناح ہاؤس کو اِمسال ’’چیمپئن ہاؤس آف سپورٹس ‘‘قرار دیا گیا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرے کرنے والی ٹیمیوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
اس موقع پر سکول کے پرنسپل محمد تنویر نے تقریب میں موجود مہمانوں اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان سردار محمد خٹک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتنا کامیاب پی ٹی شو اور تائیکوانڈو شو کچھ دنوں کے اندر تیار کیا گیا،انھوں نے مزید کہا کہ الحمد اللہ سفارتخانہ پاکستان اور خصوصاً سفیرِ پاکستان کی سرپرستی اور اساتذہ کی کاوشوں کے باعث اسکول نہ صرف نصابی بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں میں دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کر رہا ہے ۔طلبا کو مثالی ڈسپلن اور کارکردگی پر خوب سراہا اور کہا کہ کھیل طلبہ کے اندر قوتِ برداشت اور آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرتے ہیں۔ انھوں نے اساتذہ کرام کی محنت پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا سکول کی ہونہار طالبہ عالیہ حمید نے گزشتہ سال کیمبرج کے امتحان میں عالمی سطح پر اسلامیات کے مضمون میں پہلی پوزیشن حاصل کی جو والدین، اساتذہ اور ادارے کے لیے باعث مسرت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سردار محمد خٹک نے سپورٹس ڈے کو کامیاب بنانے پر میں اسکول پرنسپل، اساتذہ اورانتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور سکول انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ۔ نصابی بھی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں انسانی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کی اولین ترجیحات میں سے تعلیم کا شعبہ خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔ سکول کی ذاتی عمارت کے لیے سفارتخانہ پاکستان دل و جاں سے کوشش کررہا ہے اور ان شاء اللہ جلد ہی آپ کو اسکول کی ذاتی عمارت کے حوالے سے خوش خبری مل جائے گی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں والدین نے شرکت کی اور شاندار کارکردگی پر خوب سراہا اور اسکول پرنسپل، اساتذہ اور انتظامیہ کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ پاکستان کے قومی ترانے کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
Comments are closed.