صدر مملکت نے سرگودھا یونیورسٹی کے حق میں فیصلہ دے دیا
اسلام آباد (فوزیہ کلثوم رانا)صدر مملکت عارف علوی نے بنکنگ محتسب کے فیصلہ کی توثیق کرتے ہوئے سرگودھا یونیورسٹی کے حق میں فیصلہ دیدیا۔
بنکنگ محتسب نے نومبر2018 ء میں سرگودھا یونیورسٹی میں قائم نجی بنک کی برانچ کو منافع کے شیئر کی رقم یونیورسٹی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا اور بنکنگ محتسب کے اس حکم پر نجی بنک نے صدر پاکستان سے اپیل کردی تھی۔
صدر پاکستان نے سرگودھا یونیورسٹی کے حق میں فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بنک کو منافع کے شیئر کی رقم فوری جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
یونیورسٹی آف سرگودھا نے کیمپس میں قائم نجی بنک کی برانچ کی طرف سے دی جانے والی منافع کی رقم کا کم شیئر دینے کی تین مختلف سرمایہ کاری کے متعلق شکایت کی جس میں بتایا گیا کہ 2015ء میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم چوہدری کے دور میں یونیورسٹی آف سرگودھا نے بنک میں 40کروڑ کی سرمایہ کاری کی ۔
سب سے زیادہ منافع دینے والے بنک میں رقم کی سرمایہ کاری کی گئی جوکہ 10.5فیصد تھا اور اس پر بنک نے چار کروڑ 21لاکھ روپے سے زائد کی بجائے 3کروڑ8لاکھ روپے کے قریب منافع ادا کیا جو کہ1کروڑ 12لاکھ سے زائد کم تھے۔
اسی طرح 27کروڑ50لاکھ کی ایک اور سرمایہ کاری پر زیادہ منافع کی شرح کے شیئر میں بنک نے 2کروڑ62لاکھ پچاس ہزار منافع کی رقم کی بجائے2کروڑ11لاکھ کی ادائیگی کی اور یونیورسٹی خزانہ کواس مد میں 51 لاکھ سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔
تیسری سرمایہ کاری2015کے دوران 12کروڑ 50لاکھ کی گئی سرمایہ کاری کی رقم پر 88لاکھ کی بجائے 82لاکھ روپے کے قریب ادا کئے گئے اور یونیورسٹی خزانہ کو مجموعی طور پر ایک کروڑ69لاکھ سے زائد منافع کی کم ادائیگی کی گئی۔
اس بات کا انکشاف ہائر ایجوکیشن کمیشن کی آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا جس کے بعدیونیورسٹی آف سرگودھا کی موجودہ انتظامیہ نے معاملہ کو فوری طور پر بنکنگ محتسب کے پاس اٹھایا اور اس پر فیصلہ کے بعد صدر مملکت نے بھی ریکوری کی منظوری دیدی۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے کچھ روز قبل ہی یونیورسٹی کو پرائیویٹ سب کیمپس لاہور اور منڈی بہاؤالدین کیس میں ملزمان سے پلی بارگین کے بعد ریکوری کی مد میں 9کروڑ41لاکھ روپے کے چیک رجسٹرار کے حوالے کیے جو کہ یونیورسٹی خزانے میں جمع کرا دیئے گئے ہیں ۔
اس میں سے سب کیمپس لاہور اور منڈی بہاؤالدین کے طلبہ کو زائد فیسوں کی مد میں وصول کیے گئے 5کروڑ روپے سے زائد واپس کیے جائیں گے جبکہ دیگر ریکوریوں میں سابق پرائیویٹ سب کیمپسز گوجرانوالہ، فیصل آباد سے بھی 15لاکھ کی رقم شامل ہے جبکہ متذکرہ تین کیمپسز سے92لاکھ کی مزیدریکوری بھی متوقع ہے۔
Comments are closed.