امریکی جنگ اور تجارت ، کویت اور سعودی عرب کواربوں ڈالرز کا دفاعی سامان بیچنے کی منظوری
فوٹو : فائل
اسلام آباد: امریکی جنگ اور تجارت ، کویت اور سعودی عرب کواربوں ڈالرز کا دفاعی سامان بیچنے کی منظوری دے دی گئی ، دونوں ممالک جنگ کے ماحول کی وجہ سے دفاعی معاملات کے باعث اسی امریکہ سے جنگی سازو سامان خریدیں گے جس کی جنگ کی وجہ سے ان کی بقا اور سلامتی کو چیلنجز درپیش ہیں۔
امریکہ نے مشرق وسطیٰ کے دو اہم اتحادی ممالک، سعودی عرب اور کویت، کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 44 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے فوجی اور دفاعی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور خطے میں سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کے لیے منظور کیے گئے دفاعی پیکج کی مالیت 1 ارب 96 کروڑ ڈالر ہے۔ اس پیکیج میں فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر مار کرنے والے 10 ہزار، 10 ہزار جدید گائیڈڈ ویپن سسٹمز، لانچرز، وار ہیڈز، راکٹ موٹرز، فیوز، اسپیئر پارٹس اور دیگر جدید فوجی سازوسامان شامل ہیں۔
بیان کے مطابق معاہدے میں صرف ہتھیاروں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ تکنیکی معاونت، لاجسٹک سپورٹ، فوجی تربیت، مرمت اور دیکھ بھال کی سہولیات بھی شامل ہیں تاکہ سعودی افواج ان جدید دفاعی نظاموں کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کی مرکزی ذمہ داری امریکی دفاعی کمپنی بی اے ای سسٹمز کو سونپی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکا نے کویت کے لیے 48 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مالیت کے دفاعی سپورٹ پیکج کی بھی منظوری دی ہے۔ اس معاہدے کے تحت کویتی فضائیہ کے سی-17 فوجی مال بردار طیاروں کی دیکھ بھال، جدید اپ گریڈ، اسپیئر پارٹس، مواصلاتی نظام، سافٹ ویئر، تکنیکی دستاویزات اور تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ طیاروں کی آپریشنل استعداد برقرار رکھی جا سکے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دفاعی معاہدے خطے میں اتحادی ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے، مشترکہ سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی استحکام میں معاون ثابت ہوں گے۔
Comments are closed.