آرمی چیف وزیراعظم کے ہمراہ وائٹ ہاؤس ملاقات میں شرکت کرینگے،آصف غفور
فوٹو: سوشل میڈیا
واشنگٹن( ویب ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے افواج پاکستان نے پاکستانی سرحدوں کا بہادری سے بھرپور دفاع کیا ہے۔
امریکی دورے کے مو قع پر واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے گفتگو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور سیکیورٹی اداروں کی کوششیں اور قربانیاں رنگ لا رہی ہیں، پاکستان کی داخلی سلامتی کی صورت حال پہلے سے بہت بہتر ہے۔
انھوں نے کہا اب سیکیورٹی فورسز کی بنیادی توجہ بلوچستان کی طرف ہے اور بلوچستان میں حکومتی ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں۔
افغانستان سے ملحقہ سرحد پر باڑ لگانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آ رہی ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا سرحدی باڑ لگنے سے دہشت گردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے۔دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر تعمیر و ترقی اور بحالی کا کام جاری ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ آرمی چیف وزیراعظم کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شرکت کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف پینٹاگون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
Comments are closed.