پاکستان نمیبیا کو شکست دے کرٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپرایٹ میں پہنچ گیا

پاکستان نمیبیا کو شکست دے کرٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپرایٹ میں پہنچ گیا

فوٹو : آئی سی سی 

 کولمبو : پاکستان نمیبیا کو شکست دے کرٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپرایٹ میں پہنچ گیا، صاحبزادہ فرحان کی سچری،شاداب خان نے آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں گروپ اے کے آخری میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو باآسانی 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

 کولمبو کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولیت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تاہم پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 17.3 اوورز میں 97 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بیٹرز ابتدا میں تھوڑی پریشانی کا شکار دکھائی دیے، پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری جب صائم ایوب 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

صائم کے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا کریز پر آئے اور صاحبزاد کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جس کے بعد ٹیم کا اسکور 107 تک پہنچا تو سلمان علی آؤٹ 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو تیسرا نقصان بھی جلد ہی 118 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب خواجہ نافع صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد شاداب خان نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔اس دوران صاحبزادہ فرحان نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

شاداب خان اور صاحبزادہ فرحان نے چوتھی وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور لگ بھگ 200 تک پہنچایا۔

اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 57 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔

یہ صاحبزادہ فرحان کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان بھی 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ گرہارڈ ارسمس کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور نمیبیا کو جیت کے لئے 200 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی جانب سے لورین اسٹین کیمپ اور جان فرائے لنک نے 32 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن جان فرائے لنک 9 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ان کے بعد آنے والے جان نکول لوفٹی ایٹن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 39 کے اسکور پر 5 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

نمیبیا کو تیسرا نقصان 43 اسکور پر اٹھانا پڑا جب کپتان گرہارڈ ارسمس محض 7 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر وکٹ کیپر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ 49 کے اسکور پر اوپنر لورین اسٹین کیمپ بھی 23 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ ایلکزینڈر 20 رنز بناسکے۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ یوں نمیبیا کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 97 رنز پر آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے یہ میچ 102 رنز کے بڑے مارجن سے یہ میچ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 16 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور شاداب خان نے 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ سلمان مرزا اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی گروپ اے سے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سپر 8 میں پہنچ گئیں۔ پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سے میچز کھیلے گا، پاکستان کا نیوزی لینڈ سے میچ 21، انگلینڈ سے 24 اور سری لنکا سے 28 فروری کو ہوگا۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ہمارے اوپر کوئی پریشر نہیں، ہم میچ کے لیے تیار ہیں، ہم نے یو ایس اے کے خلاف اچھا کھیلا۔

میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اسپنر ابرار احمد کو ٹیم سے ڈراپ کرکے ان کی جگہ خواجہ نافع اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا ہے۔

Comments are closed.