خیبرپختونخوا میں ہائیکورٹ کے حکم پر سڑکیں کُھل گئیں، اٹک پل جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال

فوٹو : سوشل میڈیا 

پشاور : خیبرپختونخوا میں ہائیکورٹ کے حکم پر سڑکیں کُھل گئیں، اٹک پل جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال ہو گئی، پشاور ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے بعد خیبر پختونخوا پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں بند سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانا شروع کر دی ہیں۔

صوبے میں کئی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے جس سے شہریوں نے جزوی سکھ کا سانس لیا ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والا اہم راستہ اٹک پل جی ٹی روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جو گزشتہ چند روز سے بند تھا۔ تاہم صوابی انٹرچینج تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا اور وہاں ٹریفک کی صورتحال معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں بھی کلیئر کر دی گئی ہیں، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث بند کی گئی سڑکوں کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر راستے کھولنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ چار روز سے سڑکوں کی بندش کے باعث صوبے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، مریض اور مسافر متاثر ہو رہے ہیں اور قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ حکومتی ذمہ داری ہے کہ عوام کو مشکلات سے بچایا جائے۔

عدالتی فیصلے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا کو ہدایات جاری کی ہیں اور صوبائی حکومت کی جانب سے جو بھی درخواست آئے گی، وفاق اسے پورا کرے گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما شیر علی ارباب نے خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بندش کے باعث ٹریفک جام میں ایک خاتون کی مبینہ ہلاکت پر غفلت کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صورتحال تیزی سے معمول پر لائی جا رہی ہے، تاہم بعض مقامات پر اب بھی انتظامی اقدامات جاری ہیں۔

Comments are closed.