سابق فاسٹ بولر بریٹ لی کو آسٹریلیا کیوں چھوڑنا پڑا؟ دبئی میں مستقل سکونت کی بڑی وجہ؟

فوٹو : فائل 

دبئی / سڈنی: سابق فاسٹ بولر بریٹ لی کو آسٹریلیا کیوں چھوڑنا پڑا؟ دبئی میں مستقل سکونت کی بڑی وجہ؟ جاننے کیلئے اُن کے فین بے تاب ہیں، آسٹریلیا کے سابق عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر بریٹ لی نے دبئی میں مستقل طور پر سکونت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس فیصلے سے انہوں نے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے آگاہ کیا، جہاں انہوں نے دبئی منتقل ہونے کی وجوہات، ذاتی تجربات اور اپنے خاندان کے حوالے سے مثبت خیالات کا تفصیل سے اظہار کیا۔

بریٹ لی کا شمار آسٹریلیا کے کامیاب ترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے، جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی رفتار، جارحانہ بولنگ اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمنٹری، کوچنگ، کاروباری سرگرمیوں اور فلاحی منصوبوں سے منسلک رہے ہیں۔

کام کے دورے مستقل مواقع میں بدل گئے، دبئی نیا گھر بن گیا

بریٹ لی نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ابتدا میں دبئی کے چند مختصر دورے صرف کام کے سلسلے میں تھے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ دورے بڑے اور مستقل مواقع میں تبدیل ہوتے چلے گئے۔ ان کے مطابق دبئی میں میڈیا، اسپورٹس، کاروبار اور بین الاقوامی نیٹ ورکنگ کے ایسے مواقع موجود ہیں جو انہیں پیشہ ورانہ طور پر آگے بڑھنے میں مدد دے رہے ہیں۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ دبئی اب ان کی زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے، جہاں ایک طرف عالمی معیار کے پروفیشنل مواقع دستیاب ہیں تو دوسری جانب پُرسکون اور متوازن طرزِ زندگی بھی میسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں زندگی کی رفتار منظم ہے اور کام اور ذاتی زندگی کے درمیان توازن قائم رکھنا نسبتاً آسان ہے۔

خاندان، بچوں کی تعلیم اور مثبت ماحول پر خصوصی اطمینان 

بریٹ لی نے دبئی میں اپنے خاندان کے حوالے سے خصوصی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر نہ صرف پیشہ ور افراد بلکہ خاندانوں کے لیے بھی بہترین انتخاب ہے۔ ان کے مطابق دبئی میں انہیں اچھے لوگ، متنوع ثقافتیں اور ایک محفوظ ماحول ملا ہے، جہاں وہ اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے دبئی میں تیزی سے سیکھ رہے ہیں اور ترقی کر رہے ہیں۔ یہاں کے اسکول اعلیٰ تعلیمی معیار، جدید سہولیات اور بین الاقوامی نصاب کے حامل ہیں، جبکہ کھیلوں کی سہولیات تقریباً ہر جگہ دستیاب ہیں، جو بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ب

ریٹ لی کے مطابق خاندان کے لیے یہ ماحول نہایت موزوں ثابت ہو رہا ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے دبئی کے مجموعی ماحول کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی توانائی، ترقی کا جذبہ اور آگے بڑھنے کا حوصلہ انسان کو مسلسل متحرک رکھتا ہے۔ ان کے مطابق دبئی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر لمحہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کا احساس ہوتا ہے۔

آسٹریلیا سے وابستگی برقرار، مگر دبئی میں "کچھ خاص بات”

بریٹ لی نے واضح کیا کہ آسٹریلیا ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گا اور وہ اپنے وطن کو ہی اصل گھر سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں گزاری گئی زندگی، کرکٹ کے دن، کامیابیاں اور یادیں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔

تاہم انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ دبئی میں کچھ خاص بات ہے۔ یہاں کا مثبت ماحول، بین الاقوامی طرزِ زندگی اور مواقع کی فراوانی انسان کو یہ احساس دلاتی ہے کہ یہاں کچھ بھی ممکن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دبئی انہیں خاص طور پر اپنی جانب متوجہ کرتا ہے اور انہوں نے اسے اپنا نیا مستقل مسکن بنانے کا فیصلہ کیا۔

کرکٹ شائقین اور مداحوں کی جانب سے بریٹ لی کے اس فیصلے پر مثبت ردِعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ کھیلوں کی دنیا میں دبئی کو ایک عالمی اسپورٹس حب کے طور پر دیکھنے کے رجحان کو بھی تقویت مل رہی ہے.

سابق فاسٹ بولر بریٹ لی کو آسٹریلیا کیوں چھوڑنا پڑا؟ دبئی میں مستقل سکونت کی بڑی وجہ؟

Comments are closed.