وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں جاری بسنت کی رنگا رنگ تقریبات کا وقت بڑھانے کا اعلان کر دیا
فوٹو : سوشل میڈیا
لاہور: بسنت میں شہریوں کی دلچسپی دیکھتے ہوئےوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں جاری بسنت کی رنگا رنگ تقریبات کا وقت بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق بسنت کی تقریبات اب کل صبح 5:00 بجے تک جاری رہیں گی۔ یہ فیصلہ شہریوں کی جانب سے نظم و ضبط، ذمہ داری اور حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ لاہور، پنجاب اور پورے پاکستان میں بسنت کی شاندار تقریبات دیکھنے میں آئیں، جہاں 25 سال بعد ایک مرتبہ پھر خوشیوں، اتحاد اور ثقافتی رنگوں کی بہار لوٹ آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بسنت صرف ایک تہوار نہیں بلکہ لاہور کی پہچان، ثقافت اور عوامی خوشی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بسنت تقریبات کے وقت میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے، کیونکہ لاہور کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ تہواروں کو ذمہ داری اور نظم و ضبط کے ساتھ منا سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بسنت کی تقریبات کا وقت بڑھانا شہریوں کے لیے ایک انعام ہے۔
شہریوں سے ایک بار پھرحفاظتی ہدایات پر عمل کی اپیل
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جشن کو محفوظ انداز میں جاری رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوشی کے اس موقع پر انسانی جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری بجلی کی تاروں سے دور رہیں، چھتوں کو محفوظ بنائیں، کیمیکل ڈور سے مکمل اجتناب کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ لاہور کے عوام نے بسنت کے دوران تمام حفاظتی ایس او پیز کی ذمہ داری سے پابندی کی، جس کی بدولت کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق یہی اجتماعی شعور حکومت کے فیصلے کو درست ثابت کرتا ہے۔

پنجاب حکومت کے بسنت اقدامات اور ایس او پیز
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت منانے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔ اس موقع پر خصوصی سکیورٹی پلان، ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز جاری کی گئی تھیں جن میں کیمیکل ڈور پر مکمل پابندی، چھتوں کی سکیورٹی، بجلی کی تاروں کے تحفظ اور ایمرجنسی سروسز کی تعیناتی شامل تھی۔
انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں نے ہمہ وقت الرٹ رہتے ہوئے بسنت تقریبات کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔
بسنت تقریبات میں بین الاقوامی توجہ اور سفارتی شرکت
بسنت کی تقریبات میں نہ صرف مقامی شہریوں نے بھرپور شرکت کی بلکہ امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر اور دیگر ممالک کے سفارتکار بھی بسنت کے رنگ میں رنگے نظر آئے۔ غیر ملکی مہمانوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت کے شاندار اور محفوظ انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کا مثبت اور ثقافتی تشخص قرار دیا۔
بین الاقوامی سفارتکاروں کی شرکت سے بسنت کی تقریبات کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی ملی، جسے ثقافتی سفارت کاری کی ایک کامیاب مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
بسنت کی واپسی پر لاہور کی فضا رنگ، موسیقی، پتنگوں اور خوشیوں سے بھر گئی۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کی بحالی سے نہ صرف ثقافت زندہ ہوئی بلکہ شہر میں مثبت سرگرمیوں کو بھی فروغ ملا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح نظم و ضبط برقرار رکھا جائے تو بسنت کو مستقبل میں بھی محفوظ انداز میں منایا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.