حکومت کا اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ائیرپورٹس کی کھُلی نیلامی کا فیصلہ
فوٹو : فائل
اسلام آباد : حکومت کا اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ائیرپورٹس کی کھُلی نیلامی کا فیصلہ ،اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اپنی فعال نجکاری کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی.
اس حوالے سے دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کو نجکاری کی فہرست میں شامل کرنے کے علاوہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کی کھلی نیلامی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور کچھ عرصہ سے تعطل کے باعث یو اے ای کے ساتھ مذاکرات ختم کر دئیے ہیں۔
حکام کے مطابق حکومت نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اپنی فعال نجکاری کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور یوں پاکستان کے تین سب سے مصروف ہوائی اڈوں کے آپریشنز کو کھلے اور مسابقتی بولی کے ذریعے نیلام کیا جائے گا.
اس فیصلے میں اسلام آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ ، کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔ حکومت کا مقصد مینجمنٹ کنٹریکٹس یا طویل مدتی تجارتی مراعات کے ذریعے آپریشنز آؤٹ سورس کرنا ہے.
رپورٹ کے مطابق بتایا یہ گیا ہے کہ کارکردگی میں بہتری، انفرا اسٹرکچر کی اپ گریڈنگ اور ریونیو میں اضافہ کرنے کیلئے ایسا کیا گیا ہے۔نجکاری کمیشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ کو حکومت سے حکومت معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات کے حوالے کرنے پر غور کیا جا رہا تھا۔
تاہم، یو اے ای کی جانب سے آپریٹنگ ادارے (کمپنی) کو نامزد کرنے میں بار بار تاخیر کے باعث یہ مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے تھے جنھیں ختم کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.