بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں،اور مظاہرین کیخلاف آدھی رات واٹر کینن کا استعمال

فوٹو : سوشل میڈیا

راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں،اور مظاہرین کیخلاف آدھی رات واٹر کینن کا استعمال، شاہد خٹک شدید زخمی ہو کر اسپتال منتقل ،پولیس نے بے رحمانہ سلوک کے بعد اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکےپر پی ٹی آئی کارکنوں کا دھرنا ختم کرا دیا۔

پولیس نے رات 2 بجے کے قریب یخ بستہ سردی میں پر امن طور پر دھرنا دئیے بیٹھے مظا ہرین کو منتشر کرنےکے لیے واٹر کینن چلائی، اس دوران رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ کئی مظاہرین گر کر زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، پھینکے گئے پانی کے زور سے عمران خان کی بہنیں اور خواتین سمیت کئی دھرنا شرکاء زمین پر بری طرح گر گئے جب کہ جوشیلے کارکن پانی کے سامنے کھڑے ہو کر نعرے بازی بھی کرتے رہے.

https://https://youtube.com/shorts/f8Jfl4hWKso?si=Kiai3g7ar845cABH
اس سے قبل صبح سے شام تک تمام کوششوں عدالتی احکامات کے باوجود پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور پارٹی کے بانی عمران خان کی بہنوں کو آج ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دے رکھا تھا۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پولیس نے فیکٹری ناکے پر روکا، علیمہ خان کی جانب سے کارکنان کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی گئی اور وہ کارکنان کو ناکے سے پیچھے ہٹاتی رہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پولیس کے ساتھ ہماری کوئی لڑائی نہیں، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں یہ ہمارے ساتھ بہت اچھے ہیں، کارکنوں کو اس لیے پیچھے کررہی ہوں کیونکہ خواتین ساتھ ہیں، پولیس والے خود پریشان ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھاکہ ملاقات کی اجازت عرصے سے نہیں دی جارہی، میری بہن نے گزشتہ ملاقات پر کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کو کس کے احکامات پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، ہم ملاقات کیلئے آئے پچھلے ایک ماہ سے اسی مقصد کیلئے آ رہے ہیں۔

عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اڈیالہ جیل کے قریب بہنوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھی علیمہ خان سے پولیس حکام کے مذاکرات بھی ہوئے جو کامیاب نہ ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی 14 سرکاری و نجی گاڑیاں قبضےمیں لےکر تھانےمنتقل کی تھیں۔

Comments are closed.