فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں پر تشدد، دھمکی آزادیٔ اظہار پر حملہ ہیں،وزیراعظم
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغامات میں آزادیٔ اظہار اور آزاد صحافت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں پر تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم آزادیٔ اظہار پر حملہ ہیں،وزیراعظم کا پیغام۔
انہوں نے کہا کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور صحافی عوام تک حقائق پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت آزادیٔ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون اور جمہوریت کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے صحافیوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
ایاز صادق نے غزہ، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ رائٹ آف ایکسس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 پارلیمان کے شفاف طرزِ حکمرانی کے عزم کا مظہر ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافیوں کو دھمکانا یا انصاف سے محروم کرکے خاموش کرانا صرف افراد پر نہیں بلکہ جمہوریت پر حملہ ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں بھارتی و اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں صحافیوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت کا علم بلند رکھا ہے، چاہے اسے تاریخ کے بدترین میڈیا ٹرائل کا سامنا ہی کیوں نہ کرنا پڑا ہو۔
واضح رہے پاکستان میڈ یا اور صحافیوں پر قد غنیں لگانے کا سلسلہ تقریباً ہرحکومت کی طرح موجودہ حکومت میں بھی جاری ہے تاہم صحافت کے کسی عالمی دن کے موقع پر صحافیوں کے حق میں بیانات بھی جاری کئے جاتے ہیں۔
فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں پر تشدد، دھمکی آزادیٔ اظہار پر حملہ ہیں،وزیراعظم
Comments are closed.