گندم کی ترسیل پر پابندی، گورنر خیبر پختونخوا کی وزیراعظم سے فوری مداخلت کی درخواست
فوٹو : فائل
پشاور : خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کی جانب سے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد مبینہ پابندیوں کے خلاف فوری طور پر مداخلت کی جائے۔
گورنر نے ان پابندیوں کو ’غیر آئینی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف غذائی تحفظ کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ آئین میں درج معاون وفاق کے اصول کے بھی منافی ہیں۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پنجاب حکومت پر سندھ اور خیبر پختونخوا کی جانب سے گندم کی ترسیل روکنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
تاہم پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے گزشتہ روز وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر وزیراعظم کو لکھا گیا خط بھی جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا گندم کے حوالے سے خود کفیل نہیں اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے دیگر صوبوں سے آنے والی گندم پر انحصار کرتا ہے۔
Have written to Prime Minister of #Pakistan @CMShehbaz , urging his immediate intervention to lift the unconstitutional restrictions on the inter-provincial movement of wheat to #KhyberPakhtunkhwa. Such limitations not only affect the province’s food security but also go against… pic.twitter.com/YAinLfnKwT
— Faisal Karim Kundi (@fkkundi) October 27, 2025
خط میں مزید کہا گیا کہ گندم کی ترسیل روکنا آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی ہے، جو صوبوں کے درمیان تجارت اور نقل و حرکت کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ گندم کی فراہمی میں رکاوٹیں مصنوعی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور عوامی مشکلات کو جنم دے سکتی ہیں، جس سے عوامی ناراضی بڑھ سکتی ہے۔
گورنر نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ گندم کی آزادانہ اور محفوظ ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ بروقت اور مؤثر انداز میں کیا جائے گا۔
گندم کی ترسیل پر پابندی، گورنر خیبر پختونخوا کی وزیراعظم سے فوری مداخلت کی درخواست
Comments are closed.