پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید پشاور سے مبینہ طور پر اغوا، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج

پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید پشاور سے مبینہ طور پر اغوا، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج
52 / 100 SEO Score

فوٹو : فائل

پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر گرفتار یا اغوا کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سول آفیسر کالونی کے قریب پیش آیا، جہاں صنم جاوید کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے جایا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر تھانہ شرقی پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی ہے، جس میں نامعلوم افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق صنم جاوید اپنی ساتھی حرا بابر ایڈووکیٹ کے ہمراہ ایک ہوٹل سے واپس آرہی تھیں جب ان کی گاڑی کو راستے میں روکا گیا۔

حرا بابر نے اپنی مدعیت میں درج مقدمے میں بتایا کہ ’’صنم جاوید نے مجھے عشائیے پر مدعو کیا تھا، ہم دونوں واپس آرہی تھیں کہ اچانک کچھ افراد نے گاڑی روکی اور صنم جاوید کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔‘‘

ایف آئی آر کے مطابق، رات 10 بج کر 40 منٹ پر سول آفیسرز میس کے سامنے ایک سبز ویگو ڈالہ اور سفید کار نے راستہ روکا۔ ویگو سے تین اور کار سے دو افراد نکلے جنہوں نے صنم جاوید کو زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا لیا، جب کہ موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔

واقعے کے بعد پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر لکھا کہ ’’صنم جاوید کو پشاور کی مصروف شاہراہ سے زبردستی اٹھا لیا گیا۔‘‘

واضح رہے کہ صنم جاوید کو حال ہی میں نو مئی کے مقدمے میں پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم وہ ابھی تک گرفتار نہیں ہوئی تھیں۔ اس سے قبل وہ اسی مقدمے سے متعلق طویل عرصے تک جیل میں قید رہ چکی ہیں اور کچھ عرصہ قبل ضمانت پر رہا ہوئی تھیں۔

چند روز قبل ان کی بہن فلک جاوید کو بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ دونوں کے خلاف نو مئی کے واقعات سمیت متعدد مقدمات درج ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید پشاور سے مبینہ طور پر اغوا، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج

Comments are closed.