فلسطین جنگ بندی کے قریب، وزیراعظم شہباز شریف کا حماس کے مثبت ردعمل پر بیان
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے پر حماس کے مثبت ردعمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ، فلسطین میں جنگ بندی کے قریب ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور کھڑا رہے گا۔
انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ اور برادر ممالک قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کے کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حماس کے بیان نے جنگ بندی کی نئی راہ ہموار کی ہے اور پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مل کر امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ موقع غزہ میں یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے نہایت اہم ہے۔ غزہ میں انسانی ہمدردی کی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔
پاکستان نے صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو فوری طور پر حملے بند کرنے چاہئیں۔
ترجمان کے مطابق امید ہے کہ یہ کوششیں دیرپا جنگ بندی اور مستقل امن کی راہ ہموار کریں گی۔ پاکستان تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔
پاکستان ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں غزہ جنگ بندی کے لیے 20 نکاتی منصوبہ پیش کیا تھا اور حماس کو اتوار تک کا الٹی میٹم دیا تھا۔
حماس کی جانب سے اس منصوبے پر مثبت ردعمل کے بعد اسرائیل نے غزہ پر قبضے کے منصوبے سے دستبردار ہونے کا عندیہ دیا ہے، جس کے بعد جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
فلسطین جنگ بندی کے قریب، وزیراعظم شہباز شریف کا حماس کے مثبت ردعمل پر بیان
Comments are closed.