گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فورسز کا دھاوا،37 ممالک کے 200 سے زائد کارکن گرفتار،30 جہاز رواں دواں

گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیل کا دھاوا
61 / 100 SEO Score

فوٹو : سوشل میڈیا

تل ابیب ، غزہ :  گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فورسز کا دھاوا،37 ممالک کے 200 سے زائد کارکن گرفتار،30 جہاز رواں دواں ہیں اور غزہ پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں جہاں ہزاروں فلسطینی خوراک اور ادویات کےلئے اس عالمی قافلے کے منتظر ہیں۔

  اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے  والوں میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔

 گلوبل صمود فلوٹیلا  کےترجمان کے مطابق اسرائیلی افواج نے 13 کشتیوں کو گھیر کر قبضے میں لیا، جن میں اسپین کے 30، اٹلی کے 22، ترکی کے 21 اور ملائیشیا کے 12 شرکا شامل تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتاریوں کے باوجود تقریباً 30 جہاز اب بھی غزہ کی جانب رواں دواں ہیں۔

پاکستان کے سینیٹر مشتاق بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل

فلوٹیلا میں شامل پاکستانی وفد کی قیادت سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کر رہے تھے۔ اسرائیلی افواج نے انہیں جہاز پر چڑھائی کے دوران حراست میں لے لیا۔

https://

اس حوالے سےپاک-فلسطین فورم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تصدیق کی کہ مشتاق احمد خان کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کرلیا ہے۔

 قافلے کی مبصر کشتی بچ نکلی

گلوبل صمود فلوٹیلا کے گروپ کے مطابق صرف ایک جہاز، یعنی مبصر کشتی بچ نکلنے میں کامیاب ہوئی، جو معلومات اکٹھی کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی۔
پاکستانی مندوب سید عذیر نظامی اس کشتی پر موجود تھے اور انہوں نے مشتاق احمد خان کے جہاز پر اسرائیلی کارروائی کی اطلاع براہ راست دی۔

اسرائیل گرفتارافراد کوڈی پورٹ کردے گا، ترجمان 

 دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ فلوٹیلا کے کارکنان کو بحری کمانڈوز نے حراست میں لے لیا ہے اور وہ "محفوظ اور صحت مند” ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ گرفتار کارکنوں کو یورپی ممالک واپس بھیجنے کے لیے ڈی پورٹیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

وزارت نے ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں گریٹا تھنبرگ کو حراست میں لیے جانے کے مناظر دکھائے گئے۔

نیلسن منڈیلا کے پوتے کی اپیل

فلوٹیلا میں شریک جنوبی افریقہ کے رہنما منڈلا منڈیلا (نیلسن منڈیلا کے پوتے) نے اسرائیلی کشتیوں کے قریب آنے پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ غزہ جانے کے لیے انہیں محفوظ راستہ دیا جائے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیلی افواج نے کارکنوں کو اغوا کیا تو دنیا بھر کے لوگ اپنی حکومتوں پر دباؤ ڈالیں تاکہ فوری رہائی ممکن ہو سکے۔

اسرائیل کے امن قافلے پرحملہ کے خلاف مختلف ممالک میں احتجاج

اسرائیلی کارروائی کے بعد دنیا بھر میں احتجاج کی لہر دوڑ گئی۔ اٹلی، یونان، اسپین، برازیل، کولمبیا اور ارجنٹینا سمیت کئی ممالک میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور دھرنے دیے۔
استنبول میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے عوام کا جم غفیر جمع ہوا اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے گئے۔

پاکستان میں بھی احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر دن 3 بجے پاک-فلسطین فورم کی جانب سے مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 گلوبل صمود فلوٹیلا کا مشن جاری رکھنے کا عزم

 غزہ جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابو کشیک نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ گرفتاریوں کے باوجود ہمارا مشن جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 30 جہاز اب بھی بحیرۂ روم میں قابض افواج سے بچتے ہوئے غزہ پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "ہم پُرعزم ہیں، اپنی بساط کے مطابق آخری حد تک کوشش کریں گے کہ محاصرہ توڑ کر غزہ کے عوام تک پہنچ سکیں۔”

Comments are closed.