کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش دھماکہ، 10 افراد جاں بحق ، 33 زخمی ہوگئے
فوٹو : سوشل میڈیا
کوئٹہ : کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش دھماکہ، 10 افراد جاں بحق ، 33 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی آواز مشرقی علاقے ماڈل ٹاؤن اور اطراف میں دور تک سنی گئی جو کہ ایک حساس علاقہ ہے۔
خودکش دھماکے کے نتیجے میں قریبی گھروں اور عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں،حالی روڈ پر دھماکے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے جس میں زوردار دھماکے کے بعد جائے وقوعہ سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔
دھماکے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےصوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نےبتایا کہ دھماکے میں 10 افراد شہید ہوئے جن میں ایف سی کے 2 جوان بھی شامل ہیں ، 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ حملے میں ہماری فورسز نے جواں مردی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور فورسز نے 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
پولیس کے مطابق حالی روڈ کے قریب پشین اسٹاپ پر دھماکہ 12 بجے کے قریب ہوا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فورسز اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے جہاں سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ کوئٹہ میں پشین اسٹاپ پر بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان نےگاڑی سے خودکش حملہ کیا جس میں حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلے ایک سوزوکی آکر ٹکرائی اور دھماکا ہوا جس کے بعد 4 مسلح افراد نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے فوری رسپانس دیتے ہوئے دہشتگردوں کو ہلا ک کردیا اور کوئی دہشتگرد عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے جو سب مارے گئے ہیں جب کہ حملے میں 2 ایف سی جوان زخمی ہیں۔
وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن نے سول اسپتال کوٸٹہ، بی ایم سی اسپتال کوٸٹہ اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
Comments are closed.