190ملین پاؤنڈ کیس،نیب پراسیکیوٹر غیر حاضر، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت بغیر کارروائی ملتوی

53 / 100 SEO Score

فوٹو : فائل 

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر شدید بیمار ہیں اور آج پیش نہیں ہوسکتے۔

اس پر چیف جسٹس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "میں آپ سے معذرت خواہ ہوں، کم از کم مجھے آگاہ تو کیا جانا چاہیے تھا۔”

درخواست گزاروں کے وکلاء علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ انہیں عدالت تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب ہمیشہ تاخیری حربے استعمال کرتا ہے اور تاریخ لینے کا مشکل کام اسپیشل پراسیکیوٹر کو سونپا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض کیسز میں سزا معطلی جلد لگ جاتی ہے لیکن اس کیس میں تاریخ لینا ہی مشکل ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ "یہ ساری رات انجوائے کرتے رہے اور میں پوری رات والیمز پڑھتا رہا۔” عدالت نے نیب کی جانب سے تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ اگر آئندہ بھی ایسا ہوا تو ڈی جی نیب کو طلب کیا جائے گا۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

190ملین پاؤنڈ کیس،نیب پراسیکیوٹر غیر حاضر، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت بغیر کارروائی ملتوی

Comments are closed.