ایشیا کپ، پاکستان اور بنگلہ دیش کا فیصلہ کن مقابلہ آج دبئی میں، فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ
فوٹو : فائل
دبئی : پاکستانی ٹیم کو فائنل میں رسائی کے لیے ہر صورت میں بنگلہ دیش کو شکست دینا لازمی ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سے پاکستان نے 14 جبکہ بنگلہ دیش نے صرف 2 میچ اپنے نام کیے ہیں۔
کپتان سلمان علی آغا ،محمد حارث اور اوپنر صائم ایوب حالیہ میچز میں فارم میں نہیں ہیں ، تاہم امکان ہے کہ نوجوان بیٹر حسن نواز کو ٹیم میں موقع دیا جائے۔ دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ "فائنل میں بھارت ہو یا کوئی اور ٹیم، جیت یقینی طور پر پاکستان کی ہوگی۔”
کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا کی قیادت میں دونوں ٹیمیں پچھلے چند مہینوں میں چھ بار آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں چار میچ پاکستان اور دو بنگلہ دیش کے حصے میں آئے۔
گزشتہ منگل کو پاکستان نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی، جہاں حسین طلعت اور محمد نواز نے مشکل صورتحال میں 80 پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد شاندار بیٹنگ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی۔
شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا کے خلاف تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں فاسٹ بولرز کو زیادہ سوئنگ نہیں ملتی لیکن جارحانہ انداز سے وکٹیں لینا ہی پاکستان کے بولرز کی پہچان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "ابھی ہم فائنل تک نہیں پہنچے، جب پہنچیں گے تب دیکھیں گے۔ میرا کام ٹیم کا مورال بلند رکھنا اور اپنی بھرپور کارکردگی دینا ہے، چاہے فٹنس کا مسئلہ ہو یا انجری۔”
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑی محمد حارث اور صائم ایوب صلاحیت رکھتے ہیں، ماضی میں پرفارمنس دے چکے ہیں اور حسین طلعت نے بینچ پر انتظار کے بعد موقع ملنے پر بہترین کھیل پیش کیا۔
ایشیا کپ، پاکستان اور بنگلہ دیش کا فیصلہ کن مقابلہ آج دبئی میں، فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ
Comments are closed.