قائدِاعظم کے نواسے واڈیا گروپ کے سربراہ نُسلی نیول واڈیا کے خلاف مقدمہ درج
فوٹو : فائل
اسلام آباد : بھارت میں قائدِاعظم کے نواسے واڈیا گروپ کے سربراہ نُسلی نیول واڈیا کے خلاف مقدمہ درج ]معروف صنعت کار اور واڈیا گروپ کے سربراہ نُسلی نیول واڈیا، ان کی اہلیہ موریئن واڈیا، بیٹے نیس واڈیا اور جہانگیر واڈیا سمیت سات افراد کے خلاف جعلی دستاویزات کے استعمال کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ممبئی پولیس کی طرف سےیہ مقدمہ فیرانی ہوٹلز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ عدالتی تنازع میں مبینہ طور پر جعلی کاغذات جمع کرانے پر قائم کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بوریولی کی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ عدالت نے 20 ستمبر کو شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ مقدمے میں کے ایف بھروچا، ایچ جے بامجی اور آر ای وانڈے والا بھی نامزد ہیں۔
نیس واڈیا، واڈیا گروپ کے وارث اور متعدد کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں، جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم پنجاب کنگز کے شریک مالک بھی ہیں۔ ان کا نام ماضی میں بالی وُڈ اداکارہ پریتی زنٹا کے ساتھ تعلقات اور تنازعات کے باعث خبروں میں آتا رہا ہے۔
یہ مقدمہ 30 سال پرانے ترقیاتی معاہدے سے جڑا ہے جو ممبئی کے علاقے ملاڈ کی ایک زمین پر واڈیا خاندان اور فیرانی ہوٹلز کے درمیان ہوا تھا۔
معاہدے کے مطابق زمین کی تعمیر و ترقی بلڈر کے راجہ گروپ کے ساتھ ہونی تھی اور فروخت کا 12 فیصد واڈیا خاندان کو ملنا تھا۔ 2008 میں تنازعات نے جنم لیا اور معاملہ مختلف عدالتوں، بشمول بمبئی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک جا پہنچا۔
فیرانی ہوٹلز کے سی ای او مہندر چندے نے پولیس کو درخواست میں الزام لگایا کہ ملزمان نے 2010 میں اس تنازع کے دوران بمبئی ہائی کورٹ میں جعلی کاغذات جمع کرائے۔
انہوں نے رواں سال 15 مارچ کو بگنگر نگر پولیس اور 24 مارچ کو ممبئی پولیس کمشنر کو شکایت دی، تاہم کارروائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور درجنوں صفحات پر مشتمل دستاویزات کی جانچ کے بعد ہی مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مقدمہ بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جن میں دھوکہ دہی، جعل سازی، جعلی دستاویزات کے استعمال اور مجرمانہ سازش کے الزامات شامل ہیں۔
واڈیا گروپ کے سربراہ نُسلی نیول واڈیا، ان کی اہلیہ موریئن واڈیا، بیٹے نیس واڈیا کے خلاف مقدمہ درج
Comments are closed.