اسرائیلی ڈرون حملے کے باوجود گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ جانے پر پرعزم، سابق سینیٹر مشتاق احمد
فوٹو : فائل
اسلام آباد :غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے روانہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر بین الاقوامی آبی راستے میں اسرائیلی ڈرون حملے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
درجنوں کشتیوں پر مشتمل یہ فلوٹیلا اس وقت یونان کے ساحل کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود سے گزر رہا ہے جس میں پاکستان کے ایوان بالا کے سابق رکن سینیٹ مشتاق احمد سمیت دنیا بھر سے سیکڑوں افراد شریک ہیں۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ رات گئے فلوٹیلا کو 10 ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، بارودی مواد اور آگ کے گولے پھینکے گئے، جبکہ ایک خطرناک کیمیکل بھی استعمال کیا گیا جسے چھونے اور سونگھنے سے انسانی صحت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب حملے فلوٹیلا کو ڈرانے اور غزہ جانے سے روکنے کی نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں، مگر ہمارا عزم پختہ ہے اور ہم ان شاء اللہ غزہ ضرور پہنچیں گے۔
مشتاق احمد نے عالمی برادری اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لیا جائے اور اس معاملے کو اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے اور او آئی سی کے منشور کے مطابق ہے، مگر جو کام اداروں کو کرنا چاہیے تھا وہ اب گلوبل صمود فلوٹیلا کر رہا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ناجائز صیہونی ریاست کے خلاف آواز بلند کریں اور غزہ کے محاصرے کے خاتمے کے لیے دنیا بھر میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
سابق سینیٹر نے رات کو کشتی پر ہونے والے ڈرون حملے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
اسرائیلی ڈرون حملے کے باوجود گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ جانے پر پرعزم، سابق سینیٹر مشتاق احمد
Comments are closed.