ٹی20 ایشیا کپ سپر فور،پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

53 / 100 SEO Score

فوٹو : کرک انفو

ابوظہبی : ٹی20 ایشیا کپ سپر فور،پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کی ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پہنچنے کی اُمید زندہ ہے۔

پاکستان نے ابوظبی میں کھیلے گئے سپر فور کے اہم میچ میں 133 رنز کا ہدف 5 وکٹ کے نقصان پر 12 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔

ایک موقع پر پاکستان کی 4 ٹاپ آرڈر بیٹرز 57 رنز پر پویلین لوٹ گئے، صاحبزادہ فرحان 24، فخر زمان 17، کپتان سلمان علی آغا 5 اور صائم ایوب صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد حارث تھے، جو 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، چھٹی وکٹ پر حسین طلعت اور محمد نواز نے 58 رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد نواز نے 24 گیندوں پر 38 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے جبکہ حسین طلعت نے 30 گیندوں پر 32 رنز کی باری کھیلی اور اس دوران 4 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا۔

پہلی اننگز میں سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 133 رنز بنائے، کامندو مینڈس نے 50 رنز کی نمایاں باری کھیلی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی، یہ فیصلہ اُس وقت درست ثابت ہوا جبکہ آدھی ٹیم 58 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا کے پاتھن آسالنکا 20، پریرا اور ہاسارنکا 15، 15، پاتھن نسنکا 8 اور کوشل مینڈس صفر پر میدان چھوڑ گئے جبکہ چمیکا کرونارتنے 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

گرین شرٹس کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، حارث رؤف اور حسین طلعت نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان ٹیم نے بھارت کے خلاف گزشتہ میچ کی ٹیم کو ہی سری لنکا کے خلاف میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کا یہ پہلا آمنا سامنا ہے، دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں اپنے ابتدائی میچز میں شکست سے دوچار ہوچکی ہیں۔

سری لنکا کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے 4 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان کے خلاف بھارت نے مقابلہ 6 وکٹ سے جیتا تھا.

Comments are closed.