پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پا گیا
فوٹو : پی آئی ڈی، سکرین شاٹ
ریاض: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کر دیے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق، معاہدے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر جارحیت تصور ہوگا۔ معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ طور پر ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات 8 دہائیوں پر محیط ہیں اور یہ معاہدہ ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ معاہدے سے دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں میں انضمام اور تیاری بڑھے گی، جبکہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ کردار ادا کیا جائے گا۔
معاہدے کی شقوں کے مطابق:
کسی بھی بیرونی جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف حملہ سمجھا جائے گا۔
ایک ملک کی طاقت دوسرے ملک کے دفاع کے لیے استعمال ہوگی۔
معاہدہ فوجی تربیت، مشترکہ مشقوں اور دفاعی صنعت میں طویل شراکت داری کی توثیق کرتا ہے۔

دفاعی معاہدہ صرف سیکیورٹی ہی نہیں بلکہ معیشت اور سفارت کاری کے لیے بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے کے بعد پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ میں سعودی عرب کا اسٹریٹجک پارٹنر تسلیم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ شاہی محل میں گارڈ آف آنر، گھڑ سواروں کے دستے اور دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔
وفود کی سطح پر مذاکرات میں تاریخی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزرا خواجہ آصف، عطاء اللہ تارڑ، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک اور طارق فاطمی شامل تھے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پا گیا
Comments are closed.