پاکستان متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے ہرا کر ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا
فوٹو : کرک انفو
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے اہم میچ میں پاکستان متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے ہرا کر ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا.
دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز اسکور کیے۔ گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان نے شاندار نصف سنچری اسکور کی.
شاہین شاہ آفریدی نے 14 گیندوں پر جارحانہ 29 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ دیگر بیٹرز میں سلمان علی آغا 20، محمد حارث 18 اور خوشدل شاہ و محمد نواز 4، 4 رنز بنا سکے۔
یو اے ای کے بولرز میں جنید صدیق سب سے نمایاں رہے جنہوں نے صرف 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سمرن جیت سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے ٹک نہ سکی اور 18 ویں اوور میں پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یو اے ای کے بلے باز راہول چوپڑا نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک شکار کیا۔
گروپ اے سے پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں پہنچ چکے ہیں جبکہ عمان اور یو اے ای ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
Comments are closed.