جاپان کے وزیراعظم شیگیرو ایشیبا کا استعفیٰ،انتخابی شکست کی ذمہ داری قبول کرلی

جاپان کے وزیراعظم شیگیرو ایشیبا کا استعفیٰ،انتخابی شکست کی ذمہ داری قبول کرلی
54 / 100 SEO Score

فوٹو : اے پی 

ٹوکیو: جاپان کے وزیراعظم شیگیرو ایشیبا نے حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) میں پھوٹ اور بڑھتے ہوئے دباؤ سے بچنے کے لیے اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔

جاپانی پبلک ٹیلی ویژن این ایچ کے کے مطابق وزیراعظم نے جولائی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کو ہونے والی تاریخی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

شیگیرو ایشیبا نے گزشتہ سال اکتوبر میں وزیراعظم کا منصب سنبھالا تھا۔ ایک ماہ سے زائد عرصے تک وہ اپنی ہی پارٹی کے سخت گیر دائیں بازو کے مخالفین کے مطالبات کا سامنا کرتے رہے۔

تاہم ہفتے کو وزیر زراعت شنجیرو کوئزومی اور سابق وزیراعظم یوشیہائیڈ سوگا سے ملاقات کے بعد انہوں نے پیر کو متوقع قیادت کے ووٹ سے قبل مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

ذرائع کے مطابق ایل ڈی پی قیادت پیر کو پارٹی کے اندر "قبل از وقت قیادت کے انتخابات” کرانے کا ارادہ رکھتی تھی، جو وزیراعظم کے خلاف دراصل ایک غیر رسمی تحریک عدم اعتماد تصور کی جاتی۔

خیال رہے کہ جولائی کے پارلیمانی انتخابات میں اشیبا کا حکومتی اتحاد ایوانِ بالا کی 248 نشستوں میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس سے ان کی حکومت مزید کمزور ہوئی اور پارٹی کے اندر ان کے خلاف تنقید میں اضافہ ہوا۔

شیگیرو ایشیبا نے ماضی میں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا مؤقف اپنایا تھا اور دلیل دی تھی کہ جاپان کو سیاسی خلا کا سامنا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ملک پہلے ہی کئی بڑے چیلنجز جیسے امریکی ٹیرف، بڑھتی مہنگائی، چاول کی پالیسی میں اصلاحات اور خطے میں بڑھتی کشیدگی سے دوچار ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم کا استعفیٰ پارٹی کے اندر بڑھتی تقسیم کو روکنے اور قیادت کی تبدیلی کے لیے راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔ توقع ہے کہ شیگیرو ایشیبا اتوار کو پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے فیصلے کی وجوہات تفصیل سے بیان کریں گے۔

جاپان کے وزیراعظم شیگیرو ایشیبا کا استعفیٰ،انتخابی شکست کی ذمہ داری قبول کرلی

Comments are closed.