پاکستان کے خلاف میچ پر تنازعہ، بی سی سی آئی نے حکومتی ہدایات بتا دیں
فوٹو : فائل
نیو دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ بھارتی بورڈ خود نہیں بلکہ مرکزی حکومت کی پالیسی کے مطابق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پالیسی کے تحت بھارت کو کثیرالملکی یا بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کرنا لازمی ہے، چاہے اس میں پاکستان جیسا ملک ہی کیوں نہ شامل ہو۔
سائیکیا نے بتایا کہ چونکہ ایشیا کپ ایک ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ ہے، اس لیے بھارتی ٹیم اس میں حصہ لے گی۔ ان کے مطابق یہ پالیسی صرف کرکٹ تک محدود نہیں بلکہ دیگر کھیلوں پر بھی لاگو ہے۔
اگر بھارت کسی کھیل میں کسی ملک کے خلاف کھیلنے سے انکار کرے تو متعلقہ فیڈریشن پر عالمی پابندیاں لگ سکتی ہیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر اتھلیٹکس فیڈریشن پر پابندی عائد ہوئی تو نیرج چوپڑا جیسے کھلاڑی عالمی ایونٹس میں حصہ نہیں لے سکیں گے، جس سے ان کے کیریئر پر براہِ راست منفی اثر پڑے گا۔
سیکرٹری بی سی سی آئی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے یہ پالیسی کھلاڑیوں کے مستقبل اور عالمی سطح پر کھیلوں کے تسلسل کو مدِنظر رکھتے ہوئے بنائی ہے۔
ان کے مطابق مقصد یہ ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کے زیادہ مواقع ملیں اور ملک کی کرکٹ و دیگر کھیلوں کو عالمی منظرنامے پر بہتر مقام حاصل ہو۔
پاکستان کے خلاف میچ پر تنازعہ، بی سی سی آئی نے حکومتی ہدایات بتا دیں
Comments are closed.