ملک بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل آج داخل ہوگا، پنجاب میں مزید بارش
فوٹو : فائل
اسلام آباد : ملک بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل آج داخل ہوگا، پنجاب میں مزید بارش ہو گی جبکہ پیر سے بدھ تک کراچی میں بھی موسلا دھار بارشیں برسنے کا امکان ہے، حکام نے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں شدید بارشیں متوقع ہیں، موسلا دھار بارشوں کے باعث میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 تا 9 ستمبر بارشوں کی پیش گوئی ہے جبکہ مری، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاؤ الدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، سیالکوٹ اور نارووال میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
پنجاب اور سندھ میں اتوار سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا، محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے بدھ تک سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی کل سے نو ستمبر کے دوران بارش کا امکان ہے تاہم بلوچستان میں اب تک صورتحال معمول کے مطابق ہے.
پنجاب میں سیلاب کے باعث سبزیاں مہنگی ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اسلام آباد میں ٹماٹر گزشتہ روز 200 روپے کلو بکتا رہا.
Comments are closed.