پنجاب میں سیلاب سے 46 ہلاکتیں، 35 لاکھ متاثر؛ سندھ حکومت سیلاب سے نمٹنے کےلئے تیار

پنجاب میں سیلاب سے 46 ہلاکتیں، 35 لاکھ متاثر؛ سندھ حکومت سیلاب سے نمٹنے کےلئے تیار
53 / 100 SEO Score

فوٹو : ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب

لاہور، کراچی : پنجاب میں تباہ کن سیلابی صورتحال کے باعث اب تک 46 افراد جاں بحق اور 35 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کے مطابق صوبے کے 3 ہزار 944 موضع سیلاب سے متاثر ہیں جبکہ ریلیف کیمپس میں اس وقت 25 سے 30 ہزار لوگ موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 14 لاکھ 96 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ 10 لاکھ سے زائد مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔

عرفان کاٹھیا نے مزید کہا کہ سدھنائی کے مقام پر راوی کا پانی چناب میں شامل نہ ہو پانے کے باعث صورتحال مزید گھمبیر ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں مختلف مقامات پر اونچے اور درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

بلوکی کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج ایک لاکھ 14 ہزار 130 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ سدھنائی میں پانی کی آمد ایک لاکھ 60 ہزار 580 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 57 ہزار 580 کیوسک ہے۔

جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد اور اخراج 85 ہزار 980 کیوسک ہے۔

دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تیاری کر رکھی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جتنا پانی آنے کا خدشہ تھا، اس سے کم آیا ہے، اور لگتا ہے کہ کسی مقام پر کٹ لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

قان کے مطابق صوبائی حکومت کو اب تک وفاقی حکومت یا این ڈی ایم اے کی مدد لینے کی ضرورت نہیں پڑی۔

کالا باغ ڈیم سے متعلق سوال پر شرجیل میمن نے کہا کہ یہ علی امین گنڈاپور کی ذاتی رائے تھی، جسے خود ان کی جماعت نے تسلیم نہیں کیا، لہٰذا سندھ حکومت اس پر کوئی اہمیت نہیں دیتی۔

پنجاب میں سیلاب سے 46 ہلاکتیں، 35 لاکھ متاثر؛ سندھ حکومت سیلاب سے نمٹنے کےلئے تیار

Comments are closed.