کم جونگ اُن بکتر بند ٹرین پرچین روانہ،یومِ فتح فوجی پریڈ میں عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع

کم جونگ اُن بکتر بند ٹرین پرچین روانہ،یومِ فتح فوجی پریڈ میں عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع
52 / 100 SEO Score

فوٹو : بی بی سی اردو فائل

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن اپنی بکتر بند ٹرین کے ذریعے چین کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ بدھ کے روز بیجنگ میں منعقد ہونے والی یومِ فتح فوجی پریڈ میں شریک ہوں گے۔

یہ تقریب دوسری عالمی جنگ میں جاپان کی شکست اور جنگ کے خاتمے کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی جا رہی ہے۔

یہ دورہ نہ صرف کم جونگ اُن کا پہلا کثیرالملکی بین الاقوامی اجلاس ہے بلکہ 1959 کے بعد کسی شمالی کوریائی رہنما کی چین میں فوجی پریڈ میں پہلی شرکت بھی ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پریڈ میں چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔

اس موقع پر میانمار، ایران، کیوبا، انڈونیشیا، ملائشیا اور ویتنام سمیت 26 ممالک کے سربراہان کی موجودگی بھی متوقع ہے، جبکہ یورپی یونین کی سطح پر صرف سلواکیہ کے وزیراعظم رابرٹ فیکو شرکت کریں گے۔

ہنگری اور بلغاریہ نمائندے بھیجیں گے۔

کم جونگ اُن کی بکتر بند ٹرین میں 90 سے زائد کوچز ہیں جن میں کانفرنس رومز، آڈیئنس ہال، بیڈرومز اور ایک شاندار ریستوران موجود ہے۔

سکیورٹی وجوہات کے باعث ٹرین کی رفتار کم رکھی جاتی ہے اور بیجنگ پہنچنے میں تقریباً 24 گھنٹے لگیں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ دورہ کم جونگ اُن اور چین کے تعلقات میں نئی گرمجوشی کا عکاس ہے، ایسے وقت میں جب مغربی ممالک روس پر سخت پابندیاں عائد کر رہے ہیں اور شمالی کوریا عالمی تنہائی کا شکار ہے۔

بیجنگ کے تاریخی تیان آن من اسکوائر میں ہونے والی اس فوجی پریڈ میں چین کی جدید ترین عسکری طاقت بشمول ڈرون شکن نظام، جنگی طیارے، ٹینک اور نئے فوجی ڈھانچے کی پہلی بار بھرپور نمائش کی جائے گی۔

کم جونگ اُن بکتر بند ٹرین پرچین روانہ،یومِ فتح فوجی پریڈ میں عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع

Comments are closed.