پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے دی
فوٹو : سوشل میڈیا
شارجہ : شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 69 رنز بنائے، ان کی بیٹنگ میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
حسن نواز نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز اسکور کیے جبکہ محمد نواز نے 25 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کے مجموعے کو 200 سے اوپر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور پویلین لوٹتے وقت اپنے بیٹ کو توڑ دیا۔
ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی۔ یو اے ای کے بیٹر آصف خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 77 رنز بنائے، جبکہ کپتان محمد وسیم نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم باقی کھلاڑی پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور ٹیم ہدف سے پیچھے رہ گئی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
یو اے ای کی جانب سے صغیر خان اور جنید صدیقی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حیدر علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں آل راؤنڈ پرفارمنس پر صائم ایوب کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا اسکور بھی ثابت ہوا۔
اس سیریز میں پاکستان نے اس سے قبل افتتاحی میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی تھی۔ دوسری جانب یو اے ای کی ٹیم حالیہ عرصے میں افغانستان، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش جیسی ٹیموں کو شکست دے کر اچھی فارم میں نظر آئی تھی، مگر قومی ٹیم نے انہیں قابو کر لیا۔
اگر دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون کی بات کی جائے تو پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، کپتان سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، حسن علی، سلمان مرزا اور سفیان مقیم میدان میں اترے۔
متحدہ عرب امارات کی ٹیم میں محمد ذوہیب، کپتان محمد وسیم، آصف خان، علی شان شرافو، راہول چوپڑا، ایتھان ڈی سوزا، دھریو پرشانت، صغیر خان، حیدر علی، جنید صدیقی اور محمد جواد اللّٰہ شامل تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اب تک دو ٹی 20 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ پہلا میچ 2016ء میں میرپور میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرا میچ آج شارجہ میں پاکستان کے نام رہا۔
پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے دی
Comments are closed.