آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں ریکارڈ 276 رنز سے ہرایا
فوٹو : سوشل میڈیا
میکے ،آسٹریلیا: ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں آسٹریلیا نے شاندار بیٹنگ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو ریکارڈ 276 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 431 رنز اسکور کیے۔ ٹاپ آرڈر بیٹرز نے کمال کی اننگز کھیلیں، جہاں ٹریوس ہیڈ نے 142، کپتان مچل مارش نے 100 اور کیمیرون گرین نے برق رفتار 118 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری بھی 50 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
خصوصی طور پر اوپنرز مارش اور ہیڈ نے شاندار 250 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کرکے جنوبی افریقی باؤلرز کو بے بس کر دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی لڑکھڑا گئی۔ صرف 22 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ کوئی بھی بیٹر کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا اور پوری ٹیم محض 25ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے کہا کہ یہ ان کی ٹیم کے لیے ایک شاندار دن تھا، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ پروٹیز نے پہلے دونوں میچز میں زبردست کرکٹ کھیلی اور سیریز کو مشکل بنایا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے اس میچ میں اپنے اہم فاسٹ باؤلرز نانڈرے برگر اور لنگی نگیدی کو آرام دیا تھا، جس کا بھرپور فائدہ آسٹریلوی بیٹرز نے اٹھایا اور سیکنڈ اسٹرنگ بولنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیا۔
یاد رہے کہ اس فتح کے باوجود سیریز جنوبی افریقہ کے نام رہی، جس نے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 98 رنز اور دوسرے میں 84 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔
آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں ریکارڈ 276 رنز سے ہرایا
Comments are closed.