پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
فوٹو : سوشل میڈیا
ڈھاکا: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تعلقات میں بہتری کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک نے 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے۔
یہ تقریب ڈھاکا میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلادیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد حسن توحید نے شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاہدوں میں سب سے اہم شق سفارتکاروں اور حکومتی اہلکاروں کے لیے ویزہ فری سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ہے۔
اس کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلا دیش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے درمیان تعاون پر بھی ایم او یو پر دستخط ہوئے۔
مزید برآں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ٹریڈ جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
میڈیا کے شعبے میں تعاون کے لیے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور بنگلا دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
اسی طرح دونوں ممالک کی فارن سروس اکیڈمیز کے درمیان بھی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسحاق ڈار گزشتہ روز ڈھاکا کے تاریخی دورے پر پہنچے تھے۔ یہ کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا 13 سال بعد پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ملکوں کے درمیان جمی ہوئی برف پگھلانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف سفارتی تعلقات بلکہ تجارت، میڈیا اور تعلیمی شعبے میں بھی دونوں ممالک کو قریب لا سکتی ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
Comments are closed.