کراچی سمیت سندھ میں مزید شدید بارشوں کی وارننگ،آج عام تعطیل کا اعلان

47 / 100 SEO Score

فوٹو : بی بی سی اردو 

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں شہر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں بریفنگ دی گئی کہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران کراچی میں سب سے زیادہ 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہوا تاہم اہم شاہراہوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بارش کے خدشے کے پیش نظر جمعرات کو کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’بارشوں کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، عوام کی حفاظت کے پیش نظر تعطیل کا فیصلہ کیا گیا۔‘‘

وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کا دورہ بھی کیا جہاں صوبائی وزرا، میئر کراچی اور کمشنر ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کو فون کر کے کراچی اور صوبے کے دیگر شہروں کی صورتحال دریافت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ وارننگ کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، نوابشاہ، دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور میں شہری سیلاب اور اچانک طغیانی کا خدشہ ہے۔

ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

Comments are closed.