صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ، جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی، متعدد لاپتہ
فوٹو : سوشل میڈیا
صوابی : صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑی تباہی مچادی۔ دالوڑی گاؤں میں مکان گرنے سے 8 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ مزید 15 سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان کے مطابق کلاؤڈ برسٹ سے 12 مکانات مکمل طور پر ڈوب گئے، جن کے ملبے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے اور متاثرہ علاقے میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
گدون امازئی کے علاقے سرکوئی پایاں میں مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین اور 2 بچے جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ٹوپی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دراوڑی بالا میں 70 سے زائد محصور افراد کو بروقت کارروائی کے دوران بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 طیب عبداللہ براہِ راست ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
تحصیل ٹوپی کے چیئرمین حاجی رحیم جدون نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہیں، اس لیے حکومت فوری طور پر ہیلی کاپٹر بھیجے تاکہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا سکے۔
صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں بھی طوفانی بارش کے بعد گھروں میں پانی داخل ہوگیا، شہری چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ گندف بازار میں 10 سے زائد دکانیں اور انڈسٹریل اسٹیٹ میں 3 مکانات سیلابی پانی میں بہہ گئے جبکہ پہاڑی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے پر کمشنر مردان اور ڈپٹی کمشنر صوابی سے رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جائیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں.
صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ، جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی، متعدد لاپتہ
Comments are closed.