وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اعلان،سیلاب متاثرین کے نقصانات کا 100 فیصد ازالہ کیا جائے گا
فوٹو: فائل
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے نقصانات کا 100 فیصد ازالہ کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ قدرتی آفت کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے تاہم حکومت متاثرہ افراد کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، متعدد راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی کارروائیاں بھی ہو رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق جانی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں لیکن جن گھروں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے ان کی مکمل بحالی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، این ڈی ایم اے اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی حاصل ہو چکی ہے اور متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پاس اپنے وسائل موجود ہیں اور عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنے وعدے کے مطابق ہر شخص کے نقصان کی 100 فیصد تلافی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بحالی اور تعمیراتی کاموں کا آغاز متاثرہ علاقوں کے دورے اور نقصانات کے جائزے کے بعد کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اعلان،سیلاب متاثرین کے نقصانات کا 100 فیصد ازالہ کیا جائے گا
Comments are closed.