خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے 309 جاں بحق، ہزاروں متاثر – پی ڈی ایم اے کی رپورٹ
فوٹو: سوشل میڈیا
پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث تباہی جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 309 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 74 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں 11 گھر مکمل طور پر منہدم اور 63 جزوی متاثر ہوئے۔ متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام شامل ہیں۔ صرف بونیر میں 184 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام قرار دیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں کے لیے فوری امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور تمام اداروں کو ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 3567 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے جبکہ 3817 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں 545 اہلکار، 90 گاڑیاں اور کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
ادھر ریسکیو 1122 کے مطابق بونیر کی تین تحصیلوں میں آپریشن جاری ہے اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پاک فوج اور فرنٹیئر کور بھی متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں، جہاں فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور راشن و ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
فلڈ کنٹرول سیل کے مطابق خیبرپختونخوا کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ دریائے سندھ میں خیرآباد (اٹک) پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے کابل نوشہرہ میں 1,08,500 کیوسک اور ورسک میں 48,000 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح دریائے سوات کے مختلف مقامات پر بھی پانی کی سطح بلند ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے ریلیف آپریشن کے لیے عملے کی اسٹیشن سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ ریلیف کیمپوں میں سہولیات اور امدادی سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوام کو اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں اور اپنے مال مویشی بھی ساتھ لے جائیں تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے 309 جاں بحق، ہزاروں متاثر – پی ڈی ایم اے کی رپورٹ
Comments are closed.