خیبرپختونخوا حکومت کا امدادی ہیلی کاپٹر مہمند میں حادثے کا شکار،2 پائلٹس سمیت 5 اہلکار شہید
فوٹو ، سوشل میڈیا
پشاور :خیبرپختونخوا حکومت کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر، جو بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ ضلع باجوڑ میں امدادی سامان پہنچانے جا رہا تھا، ضلع مہمند میں حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ اہلکار شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ہیلی کاپٹر باجوڑ کے علاقہ سالارزئی کے لیے امدادی سامان لے کر جا رہا تھا جب خراب موسم کے باعث مہمند کے چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے آخری رابطہ پنڈیالی کے قریب ہوا تھا، جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ردعمل
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی میتوں کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ مقام پر فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کرنے اور دوسرے ہیلی کاپٹر کو بونیر میں جاری ریسکیو آپریشن پر مامور رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک روزہ سوگ منایا جائے گا اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
عینی شاہدین کے بیانات
عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کو پنڈیالی کے قریب کریش لینڈ کرتے دیکھا گیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
سیلابی صورتحال اور جاری آپریشن
خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ہے، صوبے بھر میں 157 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پاک فوج اور سول انتظامیہ کے مشترکہ فلڈ ریلیف آپریشنز جاری ہیں، متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے قبل ازیں مختلف اضلاع میں بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تھی۔
خیبرپختونخوا حکومت کا امدادی ہیلی کاپٹر مہمند میں حادثے کا شکار،2 پائلٹس سمیت 5 اہلکار شہید
Comments are closed.