ورلڈ کپ، پاکستان نے نیوز ی لینڈ کو6وکٹو ں سے ہرادیا
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوز ی لینڈ کو6وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی ہے۔
پاکستان نے 238رنز کے تعاقب میں 19رنز پر پہلی وکٹ گنوائی جب فخر زمان صرف 9رنز بنا کربولٹ کی گیند پر گپتل کا کیچ بنے،44رنز پر امام الحق 19رنز بنا کرفرگوسن کی بال پر گپتل ہی کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔
ایک سو دس کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ50بالوں پر 32رنز بنا کر آوٹ ہوئے ، انھیں ویلیم سن کی گیند پر فرگوسن نے کیچ کیا، حارث سہیل جیت سے دو رنز کی دوری پر 68رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔
بابر اعظم 101 اور سرفراز احمد 5 رنز بنا کر ناٹ آوٹ واپس آئے۔ میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اور جنوبی افریقہ کے خلاف جیتنے والی گیارہ رکنی ٹیم کو برقرار رکھا گیا تھا۔
ورلڈکپ کپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیمیں اب تک ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز جیتے ہیں۔
اس سے قبل برمنگھم کے ایجبیسٹن گراوٴنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔
میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل محمد عامر کا شکار بن گئے، وہ صرف 5 رنز بناسکے۔
نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 24 تک پہنچا تو کولن منرو بھی 12 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلپ پر کھڑے حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے۔
شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور مزید دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، روس ٹیلر 3 اور ٹام لیتھم ایک رن بنا کر آوٴٹ ہوئے۔
صرف 83 کے مجموعی اسکور پر 5 وکٹیں گنوانے کے بعد نیوزی لینڈ کے آل راوٴنڈر جیمز نیشم اور کولن ڈی گرینڈہوم کے درمیان چھٹی وکٹ پر 132 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔
دونوں نے ٹیم کا اسکور 215 رنز تک پہنچاکر بیٹنگ لائن کی لاج رکھی۔اس موقع پر کولن ڈی گرینڈ ہوم 64 رنز بناکر رن آوٴٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔ نیشم 97 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 55 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ محمد عامر اس میچ میں سب سے زیادہ 67 رنز دینے والے بولر تھے۔
Comments are closed.