القادر ٹرسٹ نیب ریفرنس میں جائیداد نیلامی کے معاملے پر اہم پیش رفت، جائیداد نیلا م ہوگئی

القادر ٹرسٹ نیب ریفرنس میں جائیداد نیلامی کے معاملے پر اہم پیش رفت، جائیداد نیلا م ہوگئی
52 / 100 SEO Score

فوٹو : فائل

اسلام آباد : القادر ٹرسٹ نیب ریفرنس میں جائیداد نیلامی کے معاملے پر اہم پیش رفت، جائیداد نیلا م ہوگئی، جہاں اشتہاری ملزمان کی تین میں سے بنی گالا میں موجود ایک جائیداد نیلام کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس میں اشتہاری ملزمان میں فرحت شہزاد عرف فرح گوگی، زلفی بخاری اور شہزاد اکبر سمیت چھ افراد شامل ہیں۔ جنوری 2024 میں عدالت نے ان سب کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

آج موہڑہ نور، بنی گالا میں واقع 405 کنال زرعی اراضی فی کنال 34 لاکھ 20 ہزار روپے میں نیلام کی گئی۔ تاہم کلب روڈ کے 16 کنال موٹل پلاٹ اور 248 کنال 8 مرلے زرعی زمین کی بولی میں کسی نے حصہ نہیں لیا۔ نیلامی اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ عزیر علی خان اور دیگر کمیٹی ممبران کی موجودگی میں ہوئی۔

نیلامی کا وقت صبح 11 بجے مقرر تھا، لیکن آکشن کمیٹی 5 بجکر 39 منٹ پر پہنچی۔ اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ کی جانب سے اشتہار جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ نیلامی میں حصہ لینے والے 50 لاکھ روپے کا پے آرڈر چیئرمین نیب کے نام جمع کرائیں، اور جائیداد کا معائنہ پہلے کر سکتے ہیں۔ اشتہار میں مزید بتایا گیا کہ نیلامی ایولیوایشن کمیٹی کی منظور شدہ شرائط و ضوابط کے تحت ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ کی مبینہ نیلامی کی خبر آج سامنے آئی ہے، اور اگر ایسا ہوا ہے تو یہ کسی خفیہ کارروائی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ کے منتظمین لاعلم ہیں اور پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم معاملے کی تہ تک پہنچنے کے لیے سرگرم عمل ہے، جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

Comments are closed.