مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، عالمی ایجنڈا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

50 / 100 SEO Score

فوٹو : سوشل میڈیا

واشنگٹن : چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے اور پاکستان اس پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

امریکا کے دورے کے دوران پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عزت و وقار کا سرچشمہ قرار دیا اور کہا کہ وہ "برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین” ہیں، اس لیے انہیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانا چاہیے۔

فیلڈ مارشل نے بھارت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو "وشواگرو” ظاہر کرتا ہے مگر عملی طور پر اس کے اقدامات اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کی ٹرانس نیشنل دہشت گرد سرگرمیوں کو عالمی تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل، قطر میں 8 بھارتی نیول افسران کا معاملہ اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات اس کے ثبوت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی اور معصوم شہریوں کو شہید کیا، جس سے خطہ خطرناک حد تک جنگ کے قریب پہنچ گیا۔ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی "شہ رگ” ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ان کی کوششوں سے پاک، بھارت تنازع سمیت کئی جنگیں رکیں۔ تاہم بھارت اب بھی خطے میں عدم استحکام پھیلانے پر بضد ہے۔

انہوں نے غزہ میں جاری نسل کشی کو بدترین انسانی المیہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے عالمی و علاقائی اثرات شدید ہوں گے۔ افغانستان سے سرگرم کئی دہشت گرد تنظیمیں، جن میں فتنہ الخوارج شامل ہے، پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں مگر پاکستان دہشت گردی کے خلاف آخری فصیل ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک، امریکا تعلقات نئی جہت کی طرف بڑھ رہے ہیں اور یہ دورہ تعلقات کو پائیدار بنانے کا عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کے ساتھ ایم او یوز پر پیشرفت اور ممکنہ پاک، امریکا تجارتی معاہدے سے متوقع بھاری سرمایہ کاری کا ذکر کیا۔

64 فیصد نوجوان آبادی کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ صلاحیتوں سے بھرپور نسل مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کو ایک طاقتور ذریعہ قرار دیا مگر خبردار کیا کہ دشمن عناصر اسے ساختہ افراتفری پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ نہیں کہ "اگر” ہم اٹھیں گے بلکہ یہ ہے کہ "کتنی جلدی اور کتنی قوت سے” اٹھیں گے۔ آئیے اپنے آباؤ اجداد کی میراث قائم رکھتے ہوئے نئے جذبے اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھیں۔

مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، عالمی ایجنڈا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

Comments are closed.