بھارت کے لیے ریکارڈز کے انبار لگانے والے ویرات کوہلی اور روہت شرما بے توقیر کیوں؟
فوٹو :فائل
نئی دہلی : انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور موجودہ ون ڈے کپتان روہت شرما، جنہوں نے بھارت کے لیے شاندار ریکارڈز قائم کیے، اب 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پانے کے لیے غیر یقینی صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں۔
دونوں کھلاڑی حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، تاہم ون ڈے انٹرنیشنل میں اب بھی سرگرم ہیں۔
بھارتی اخبار ’دینک جاگران‘ کی رپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی اور سلیکشن کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2027 کے لیے دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد آنے والے برسوں میں ان کا میچ ٹائم محدود ہو سکتا ہے، جو سلیکٹرز کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے کوہلی اور شرما کو رواں سال دسمبر میں شروع ہونے والی ڈومیسٹک کرکٹ کی وجے ہزارے ٹرافی میں شرکت کرنا ہوگی، بصورت دیگر ان کے لیے ورلڈ کپ کے دروازے کھلنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ کے ذرائع کے مطابق، "ویرات کوہلی اور روہت شرما ہمارے 2027 ورلڈ کپ کے منصوبوں میں شامل نہیں ہیں۔”
مزید بتایا گیا کہ دونوں کھلاڑی انگلینڈ کے دورے میں شامل ہونا چاہتے تھے، لیکن سلیکٹرز نے انہیں آگاہ کیا کہ ان کے منتخب ہونے کے امکانات کم ہیں، جس کے بعد انہوں نے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔
بھارت آئندہ ون ڈے سیریز اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا، اور امکان ہے کہ یہی سیریز دونوں اسٹار کرکٹرز کے انٹرنیشنل کیریئر کا اختتام ثابت ہو، کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔
حالیہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کپتان شبمن گل نے سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کر لیا ہے، اور کئی حلقے انہیں مستقبل میں تینوں فارمیٹس کی قیادت کے لیے موزوں سمجھتے ہیں۔
نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے بعد سلیکٹرز ممکنہ طور پر ورلڈ کپ 2027 کے لیے نئی ٹیم کومنتخب کریں گے، جیسا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلی دیکھی گئی۔
بھارت کے لیے ریکارڈز کے انبار لگانے والے ویرات کوہلی اور روہت شرما بے توقیر کیوں؟
Comments are closed.