پاکستان اورانڈیااپنے تباہ شدہ طیاروں کی فہرستیں آزاد ماہرین کے سامنے پیش کریں،خواجہ آصف
فوٹو: فائل
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل اے پی سنگھ کے آپریشن سندور سے متعلق حالیہ بیانات کو بے بنیاد، غیر حقیقی اور مضحکہ خیز قرار دے دیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ بھارتی فوج کے سینئر افسران کو ان ناکامیوں کا چہرہ بنایا جا رہا ہے، جو دراصل بھارتی سیاسی قیادت کی اسٹریٹجک ناکامیوں اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے تین ماہ تک اس نوعیت کا کوئی دعویٰ نہیں کیا، جبکہ پاکستان نے فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا کو تکنیکی بریفنگز دیں۔
غیر جانب دار مبصرین اور غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس نے متعدد بھارتی طیاروں، بشمول رافیلز، کی تباہی کی تصدیق کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیانِ مرصوص کے دوران 6 بھارتی جنگی طیارے، ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹمز اور متعدد بھارتی ڈرونز تباہ کیے، ساتھ ہی کئی بھارتی فضائی اڈے بھی ناکارہ بنائے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت ایک بھی پاکستانی طیارہ نشانہ بنانے میں ناکام رہا۔ انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی افواج کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیر دفاع نے بھارت کو چیلنج کیا کہ پاکستان اورانڈیااپنے تباہ شدہ طیاروں کی فہرستیں آزاد ماہرین کے سامنے پیش کریں،خواجہ آصف کی انڈیا کوپیشکش کہا تاکہ حقیقت دنیا پر واضح ہو، تاہم خدشہ ہے کہ بھارت اس سے گریز کرے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جنگیں جھوٹ سے نہیں بلکہ اخلاقی برتری، قومی عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں، ایسے بیانات عوام کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایٹمی خطے میں خطرناک اسٹریٹجک غلط اندازوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی ہر خلاف ورزی کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دے گا، اور بگڑتی صورت حال کی تمام تر ذمہ داری ان بھارتی رہنماؤں پر عائد ہوگی جو قلیل مدتی سیاسی فائدے کے لیے خطے کے امن کو داؤ پر لگاتے ہیں۔
قبل ازیں بھارتی ایئرچیف اے پی سنگھ نے بنگلور میں ایک میموریل لیکچر کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ آپریشن سندور میں بھارت نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ریڈار طیارہ تباہ کیا، جسے پاکستان نے مضحکہ خیز اور جھوٹا دعویٰ قرار دیا ہے۔
Comments are closed.