اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ نے غزہ پر فوجی قبضے کی منظوری دے دی
فوٹو: فائل
یروشلم/غزہ/اسلام آباد : اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ نے غزہ پر فوجی قبضے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت چھ ڈویژن فوج تعینات کی جائے گی۔ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے قبضے کو اسرائیل کی سلامتی کے لیے ”ضروری“ قرار دیتے ہوئے پانچ نکاتی منصوبہ جاری کیا، جس میں حماس کو غیر مسلح کرنا، یرغمالیوں کی رہائی، ہتھیاروں کا خاتمہ، غزہ پر مکمل اسرائیلی کنٹرول اور متبادل سول انتظامیہ کا قیام شامل ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، نیتن یاہو کے دفتر نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) غزہ شہر پر کنٹرول کے لیے تیاری کریں گی اور جنگی علاقوں سے باہر کے شہریوں کو انسانی امداد فراہم کی جائے گی۔ تاہم فوجی قیادت اور حکومتی وزرا میں منصوبے کے دائرہ کار پر اختلافات پائے جاتے ہیں، فوجی سربراہ ایال زامیر نے آپریشن کی وسعت پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت فلسطینی شہریوں کو غزہ شہر سے نکالنے کے بعد زمینی آپریشن کیا جائے گا۔ اسرائیل نے 2005 میں غزہ سے انخلا کیا تھا مگر سرحدوں، فضائی حدود اور بنیادی سہولیات پر کنٹرول برقرار رکھا۔ اس سال کے اوائل میں اسرائیل اور امریکہ نے مصر کی حمایت یافتہ جنگ کے بعد کی انتظامیہ کی تجویز مسترد کر دی تھی۔
حماس نے نیتن یاہو کے بیانات کو ”جنگ بندی مذاکرات پر شب خون“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی منصوبہ یرغمالیوں کو قربان کرنے کے مترادف ہے۔ اردن اور دیگر عرب ممالک نے واضح کیا کہ وہ صرف اسی حل کی حمایت کریں گے جو فلسطینیوں کو قبول ہو، اور غزہ کی سیکیورٹی جائز فلسطینی اداروں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
جمعرات کی شب یروشلم میں وزیراعظم کے دفتر کے باہر سیکڑوں افراد نے جنگ بندی کے حق میں احتجاج کیا، یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔
غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 فلسطینی شہید اور 600 زخمی ہوئے، جبکہ امداد کے منتظر 51 افراد بھی شہدا میں شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے سرحد پر کھڑے ساڑھے چھ ہزار ٹرکوں کو داخل ہونے سے روک رکھا ہے۔ غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 61 ہزار 258 سے تجاوز کر گئی ہے۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے اسرائیلی منصوبے کو ”غلط“ قرار دیتے ہوئے اس پر فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا، جبکہ آسٹریلیا نے بھی اسرائیل سے منصوبہ ترک کرنے کا کہا۔
مزید تازہ ترین خبروں کےلئے وزٹ کریں، zameenihaqaiq.com
Comments are closed.